کولکاتہ ، 10؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) شہریت ترمیمی ایکٹ ، این آر سی اور این پی آر کی شدید مخالفت کرتے ہوئے ایک بار پھر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں کسی بھی صورت میں ان قوانین کو نافذ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متواسماج اور ناموسدر سے تعلق رکھنے والا ہرفرد ہندوستانی شہری ہے اور انہیں کاغذدکھانے کی ضرورت نہیں ہے ۔
مدنی پوراور بردوان میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد متوا محل میں خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتےہوئے کہا کہ کچھ باہری لوگ بنگال کو یرغمال بنانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن میں انہیں کامیاب نہیں ہونے دوں گی۔
خیال رہے کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر کیلاش وجے ورگی نے چند روز قبل کہا تھا کہ جنوری سے سی اے اے نافذ کیا جائےگا اور اس کی شروعات بنگال سے ہوگی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’میں این آر سی اور این پی آر نافذ کرنے نہیں دوں گی۔ممتا نے کہا کہ میں خود اپنی ماں کی پیدائش کی تاریخ نہیں جانتی ، تو آپ مجھے کہاںسے بتائیں گے؟ ممتا نے کہا کہ بنگال کو گجرات نہیں بننے دیا جائے گا۔