ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / این آر آئی تاجر بھاسکر شیٹی مرڈر کیس۔ ملزم بیوی کوملا 2سال بعدجیل سے ضمانت پر رہائی کا پروانہ

این آر آئی تاجر بھاسکر شیٹی مرڈر کیس۔ ملزم بیوی کوملا 2سال بعدجیل سے ضمانت پر رہائی کا پروانہ

Thu, 08 Nov 2018 18:34:27  SO Admin   S.O. News Service

اڈپی 8؍نومبر (ایس او نیوز) دوسال قبل ہوئے مشہور این آر آئی تاجر بھاسکر شیٹی مرڈر کیس میں کلیدی ملزم کی حیثیت سے گرفتاربھاسکرشیٹی کی بیوی راجیشوری شیٹی کو ضلع سیشنس کورٹ سے مشروط ضمانت پر رہائی کا حکم سنایا گیا ہے۔

ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ سیشنس کورٹ کے جج وینکٹش نائک نے مشروط ضمانت دینے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزمہ راجیشوری کو ایک لاکھ روپے کا ضمانتی بانڈ دینا ہوگا اور اس کی چھوٹی بہن روپا شیٹی اور ایک دوسرے رشتے دار مہابلا کو ذاتی ضمانت دینی ہوگی۔اس کے علاوہ4فروری 2019کو اگلی سماعت کے دوران راجیشوری کو عدالت میں خود حاضر رہنا ہوگا۔گواہوں کو ڈرانے یا ان پر اثرانداز ہونے کی کوئی کوشش نہیں کرنی ہوگی۔ بصورت دیگر اس کی ضمانت منسوخ کی جائے گی۔عدالت نے راجیشوری کو یہ بھی حکم دیاہے کہ جیل سے رہائی کے دس دنوں کے اندر اسے اپنا پاسپورٹ جمع کروانا ہوگا اور عدالت کی اجازت کے بغیروہ ملک سے باہر نہیں جاسکے گی۔

یاد رہے کہ 28جولائی 2016کواین آئی آر تاجر بھاسکر شیٹی کا بہیمانہ قتل کرکے اس کی لاش جلادی گئی تھی جس میں ملزم کے طور پر مقتل کی بیوی راجیشوری شیٹی کے علاوہ مقتول کے بیٹے نونیت اور ایک نجومی نرنجن بھٹ،سرینواس بھٹ اورراگھویندرا کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔نجومی نرنجن بھٹ پر الزام ہے کہ اپنے گھر کے اندر ہی پوجا کے لئے ہوما کے لئے مختص گڈھے میں اس نے بھاسکر شیٹی کی لاش جلائی تھی۔

گرفتاری کے بعدراجیشوری کی ضمانت کی درخواست جب سیشنس کورٹ میں بار بار نامنظور ہوگئی تو اس نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایاتھا۔ سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کو ہدایت دی تھی کہ چھ مہینے کی مدت میں تمام اہم گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد راجیشوری کو ضمانت دی جائے۔

معلوم ہوا ہے کہ امسال جون میں سیشنس کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت شروع ہوئی اور جملہ167گواہوں میں سے 36اہم ترین گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے۔اس کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اب عدالت نے راجیشوری کو مشروط ضمانت دے دی ہے۔ توقع ہے کہ دو تین دن کے اندر کاغذی کارروائیاں مکمل ہوتے ہی اسے جیل سے رہا کیا جائے گا۔


Share: