سنبھل 3نومبر (آئی این ایس انڈیا/ایس او نیوز)سوہیل بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اور یوپی کے وزیر کابینہ اوم پرکاش راج بھر نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی کی طرف سے ایودھیا میں رام مندر بنانے کی بات محض ’انتخابی ڈرامہ‘ ہے۔ راج بھر نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ایودھیا میں مندر بنانے کی بات صرف انتخابی ڈرامہ اور لوری سنانے والی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات آتے ہیں تو رام مندر کی یاد آ تی ہے ۔ الیکشن نہیں رہتا ہے تو بھگوان رام یاد نہیں آتے۔ یہ صرف انتخابی ڈرامہ ہے۔ راج بھر نے کہا کہ جب معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے تب پھر اپنے دل سے کون مندر بنا دے گا۔ یا تو دونوں طرف رضامندی ہوں یا پھر عدالت کا فیصلہ آئے۔