نئی دہلی30اکتوبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیانائیڈو نے کہا کہ وہ انسانیت کے لیے، خاص طورپر بے اعتمادی ، تعصب اورعدم برداشت کے وقت میں سکھوں کی بہادری ، عزم محکم اور تعاون کو سلام کرتے ہیں۔وہ آج یہاں پنجاب یونیورسٹی کے ذریعے شائع کردہ ڈاکٹر پربھلین سنگھ کی تصنیف کردہ کتاب‘‘پرامیننٹ سکھز آف انڈیا’’(بھارت کے ممتاز سکھ) کا اجراء کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ کتاب زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 50 زندہ جاوید سکھوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرتی ہے اور یہ سکھ مذہب کے بانی جناب گرونانک دیو جی کے لئے ایک بہتر خراج عقیدت ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ گرونانک جی نے ذات پات اور مذہب کے امتیاز کے بغیر غریب ترین لوگوں کی خدمت کرنے کے اپنے عہد کے ساتھ اس عظیم ملک کو زبردست تعاون فراہم کیا ہے۔ انہوں نے ایک ایسے سماج کی تعمیر کی بنیاد ڈالی، جس کی بنیادی ذمہ داری لوگوں کی خدمت کرنے اور ملک کی تعمیر کرنے میں شرکت کے لئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں نے جب بھی ضرورت پڑی ہے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا ہے۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک کی معیشت دنیا کی کسی بھی دوسری بڑی معیشت کے مقابلے زیادہ تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے اور انہوں نے ترقی کی اس دور میں موجودہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے متحد ہونے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان چیلنجوں کو مواقع میں بدلنے اور ایک پائیدار رفتار قائم کرنے کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوان ، جو ہماری آبادی کا تقریباً 65فیصد ہے، تبدیلی کے ایجنٹ کے طورپر کام کرسکتے ہیں اور ملک کی نئی اونچائیوں تک قیادت کرسکتے ہیں۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوانوں کو عظیم لیڈروں کی زندگی اور ان کی کہانیوں سے تحریک حاصل کرنی چاہئے، جنہوں نے ایک بڑی چھاپ چھوڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری لازمی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوانوں کو تحریک دلائیں اور ملک کی ترقی میں تعاون کے لئے تیار کریں۔نائب صدر جمہوریہ نے نوجوانوں میں روزگار کی صلاحیتیں پیدا کرنے اور انہیں اپنی قوت کا احساس کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ آبادی کا فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کوششیں نوجوانوں میں اعتماد پیداکرتی ہیں اورانہیں ملک کے اصلاحات کے ایجنڈے کا بہتر استعمال کرنے اورملک کی ترقی کے عمل میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو اس سمت میں آگے بڑھنا چاہیے، جہاں وہ روزگار مانگنے والے نہیں بلکہ روزگاردینے والے بنیں۔اس موقع پر 100 سے زیادہ ممتاز سکھ اور دیگر موجود تھے۔