ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امریکی سفارت کاروں کا شام میں فوجی کارروائی پر زور

امریکی سفارت کاروں کا شام میں فوجی کارروائی پر زور

Sat, 18 Jun 2016 11:10:21  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،17جون(آئی این ایس انڈیا)درجنوں امریکی سفارت کاروں نے ایک داخلی میمو پر دستخط کیے ہیں جس میں شام سے متعلق حکومتی پالیسی پر تنقید کی ہے اور اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف ٹارگٹڈ فوجی حملے کیے جائیں۔اس مراسلے پر امریکی محکمہ خارجہ کے درمیانے درجے سے لے کر اعلیٰ درجے تک کے افسران نے دستخط کیے ہیں۔
سفارتکاروں کا موقف ہے کہ موجودہ پالیسی شامی صدر کو طاقت میں رہنے کے لیے مدد فراہم کر رہی ہے اور یہ شامی اپوزیشن کے خلاف ہے۔اس قسم کی اختلافی دستاویز کا محکمہ خارجہ کو بھجوایا جانا غیر معمولی تو نہیں تاہم اتنی بڑی تعداد میں وائٹ ہاؤس کے موقف کے خلاف سفارتکاروں کی جانب سے آواز اٹھنا غیر معمولی ضرور ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس میمو کے موصول ہونے کی تو تصدیق کی ہے تاہم اس کے مواد کے حوالے سے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو میں کہا ہے کہ انھوں نے ابھی یہ میمو نہیں دیکھا تاہم وہ واشنگٹن پہنچ کر اس پر بات چیت کریں گے۔محکمہ خارجہ کو بھجوائے جانے والے اس لیٹر کے بارے میں ایک اہلکار جنھوں نے اس دستاویز کو دیکھا ہے کا کہنا ہے کہ اسے بھیج دیا گیا ہے۔دستاویز میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ صدر بشارالاسد کے خلاف فوجی کارروائی کی جائے بصورتِ دیگر ان کی حکومت باغیوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے کوئی دباؤ محسوس نہیں کرے گی۔اس سے اس خدشے کی بھی عکاسی ہوتی ہے کہ امریکہ اور روس کی جانب سے شام کے لیے اپنائے گئے مشترکہ امن کے عمل کا خاتمہ اسد حکومت کو فائدہ دے رہا ہے۔حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔مگر صدر اسد نے اعلانیہ طور پر عارضی جنگ بندی کا سامنا کیا اور انھیں ایران اور روس کی جانب سے فوجی حمایت حاصل ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ حلب جیسے اہم شہر سمیت سٹیرٹیجک لحاظ سے اہم علاقوں کی دوبارہ عملداری چاہتے ہیں۔ادھر ماسکو کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے جہادیوں کے خلاف کی جانے والی بمباری سیز فائر میں نہیں آتی۔ لیکن امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری جو اپوزیشن گروہوں سے مطالبہ کرتے تھے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ شامی حکومت زمین پر صورتحال کو تبدیل کر رہی ہے۔


Share: