سیول،29جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شمالی کوریا کے سربراہ کِم یونگ اُن کا کہنا ہے کہ نئے میزائل تجربے نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکا کی پوری سرزمین حملے کے دائرہ کار میں واقع ہے۔کوریا کی مرکزی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے ہفتے کے روز تصدیق کی ہے کہ اس نے گزشتہ روز بین البراعظمی بیلسٹک میزائل داغنے کا دوسرا تجربہ کیا۔ شمالی کوریا کے سربراہ کِم یونگ اُن کے حکم سے کیے جانے والے اس میزائل تجربے کا مقصد امریکا کو شدید نوعیت کا انتباہ جاری کرنا ہے۔
شمالی کوریا نے بتایا ہے کہ مذکورہ بیلسٹک میزائل 47منٹ اور 12سیکنڈ تک فضا میں رہا۔ اس دوران میزائل کی انتہائی بلندی 3724.9کلومیٹر تک پہنچی اور اس نے 998کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
دوسری جانب چین نے ہفتے کے روز شمالی کوریا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے اور ایسی تمام کارروائیوں سے گریز کرے جن کے نتیجے میں جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں اضافہ ہو۔ چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین تمام فریقوں سے امید رکھتا ہے کہ وہ جارحانہ موقف کو بڑھنے سے روکنے کے لیے احتیاط سے کام لیں گے۔