ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / اسکولی کتابوں میں 'کیو آر کوڈ' کا استعمال؛ اساتذہ اور طلباء کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ

اسکولی کتابوں میں 'کیو آر کوڈ' کا استعمال؛ اساتذہ اور طلباء کو مزید سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ

Tue, 30 Oct 2018 17:13:40  SO Admin   S.O. News Service

کاروار30؍اکتوبر(ایس او نیوز) حکومت کی طرف سے اسکول کی نصابی کتابوں میں پہلی مرتبہ ’کیو آر کوڈ‘( quick response code)کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے اساتذہ او رطلبہ کے لئے سیکھنا اور سکھانا مزید آسان ہوجائے گا کیونکہ کیو آر کوڈ کی وجہ سے متعلقہ مضمون کے اسباق کوموبائل پر ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل نے ’دیکشا‘ نامی موبائل فون ایپلی کیشن تیار کیا ہے۔ اس کا استعمال کرتے ہوئے نصابی کتابوں کے کیوآر کوڈ کو اسکیان کرنا اوراستفادہ کرنا آسان ہوجائے گا۔ریاستی سرکار کی طرف سے فراہم کی جانے والی چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک حساب، سائنس اور انگلش کی نصابی کتابوں میں کیو آر کوڈ کا استعمال کیاجارہا ہے۔اس کی وجہ سے طلبہ، اساتذہ اور والدین پڑھائے جارہے مضامین کو ڈیجیٹل طریقے سے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔یہ سلسلہ ریاستی تعلیم و تحقیق اور تربیت کے محکمے (ڈی ایس ای آر ٹی)کی جانب آئندہ تعلیمی سال کے ساتھ عمل میں آئے گا۔اس سہولت کی وجہ سے امتحان کے دنوں میں اسباق کو اچھی طرح سمجھنے اور یاد کرنے میں طلبہ کو ا س سے بڑی مدد ملے گی۔ابتدا میں کنڑا اور انگریزی زبان کے لئے کیو آر کوڈ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت رہے گی۔ اس کے بعد آگے چل کر بقیہ زبانوں جیسے اردو، تمل، ہندی اور مراٹھی زبان میں اس کا استعمال کیا جاسکے گا۔اس کے لئے طلبہ کو پہلے کتابوں پر موجود کیو آر کوڈ اپنے موبائل فون پر اسکیان کرنا ہوگا پھر اس کے بعد’دیکشا‘ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اس کے تعلق سے اضافی معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ خاص بات یہ ہے کہ نصابی کتابوں سے متعلقہ مواد اس ایپ میں آڈیو اور ویڈیو کی شکل میں ہوگا۔


Share: