نرمادا،31اکتوبر (ایس او نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات کے نرمدا ضلع میں کوڑیا میں واقع سردار سروور باندھ سے تقریبا تین کلومیٹر کی دوری پر واقع سادھو دیپ پر بنے سردار بلبھ بھائی پٹیل کا 182 میٹر اونچا مجسمہ ’اسٹیچو آف یونیٹی‘ ملک کے نام وقف کر دیا ہے۔ مرد آہن سردار بلبھ بھائی پٹیل کے اس مجسمہ کی نقاب کشائی ان کی 143 ویں سالگرہ پر کی گئی۔ اس مجسمہ کی اونچائی امریکہ کے نیویارک میں واقع ’اسٹیچو آف لبرٹی ‘سے تقریبا دو گنی ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو یہ سفر ایک منزل تک پہنچا ہے ، اس کا سفر آٹھ سال پہلے آج کے ہی دن شروع ہوا تھا۔ 31 اکتوبر 2010 کو احمدآباد میں یہ تجویز میں نے سب کے سامنے رکھی تھی۔ کروڑوں ہندوستانیوں کی طرح تب میرے ذہن میں ایک ہی احساس تھا کہ جس شخص نے ملک کو متحد کرنے کے لئے اتنی بڑی جدوجہد کی ہو ، اس کو وہ احترام ضرور ملنا چاہئے جس کا وہ حقدار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک کے لئے سوچنے والے نوجوانوں کی طاقت ہمارے پاس ہے۔ ملک کی ترقی کے لئے یہی ایک راستہ ہے جس کو لے کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ ملک کی یکجہتی و ہم آہنگی کو بنائے رکھنا ایک ایسا فریضہ ہے جو سردار صاحب ہم کو دے کر گئے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کو تقسیم کرنے کی ہر طرح کی کوشش کا پرزور جواب دیں ۔ اس لئے ہمیں ہر طرح سے محتاط رہنا ہے۔ سماج کی حیثیت سے متحد رہنا ہے۔
اس مجسمہ کے افتتاح کے ساتھ ہی چین میں واقع اسپرنگ فیلڈ مہاتما بودھ کے 153 میٹر اونچے مجسمہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ بن گیا ہے۔ تقریبا تین ہزار کروڑ روپے کے اخراجات سے تقریبا ساڑھے تین برسوں میں بن کر یہ مجسمہ تیار ہوا ہے۔ اسے بنانے کا اعلان گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلی نے جو اب ملک کے وزیراعظم ہیں سال 2010 میں کیا تھا ۔