ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملے کے2ملزمان کو ضمانت ملی 

آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملے کے2ملزمان کو ضمانت ملی 

Sun, 05 Mar 2017 11:13:17  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 4؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی کی ایک مقامی عدالت نے 3600کروڑ روپے کے اگستاویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر ڈیل معا ملے میں ہفتہ کو دو اور ملزمان کوضمانت دے دی۔مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کی خصوصی عدالت کے جج اروند کمار نے دہلی میں میڈیا ایگزم پرائیوٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر آرکے نندا اور سابق ڈائریکٹر جے بی سبرامنیم کی درخواستوں کو قبول کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ذاتی بانڈ اور اتنی ہی رقم کے مچلکے پر ضمانت دی۔عدالت نے اس معاملے میں سپلیمنٹری چارج شیٹ پر غور کرنے کے بعد کہا تھا کہ منی لانڈرنگ تصفیہ ایکٹ کی دفعہ 45کے تحت نندا اور سبرامنیم کے خلاف کافی ثبوت ہیں۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے جون 2016میں برطانوی شہری کرسٹن مائیکل جیمس ، میڈیا ایگزم نندا اور سبرامنیم کے خلاف ہیلی کاپٹر سودے میں منی لانڈرنگ کو لے کر تفتیش کے سلسلے میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ای ڈی کے مطابق، میڈیا ایگزم جیمس کی کمپنی ہے اور یہ مبینہ طور پرآگستاویسٹ لینڈ کی گروپ کمپنی فن میکینکا کی طرف سے جیمس کو دی گئی رشوت میں بھی شامل تھی۔جیمس کو 12؍ہیلی کاپٹر کی خریداری کے سودے کے لیے مبینہ طور پر آگستاویسٹ لینڈ سے 225کروڑ روپے کی رشوت ملی تھی۔ای ڈی نے اپنی جانچ میں پایا تھا کہ جیمس کو ملی رشوت میں سے 6.33کروڑ روپے دبئی کی گلوبل سروسز ایف زیڈ ای کے ذریعے میڈیا ایگز م کے ذریعے ہندوستان پہنچے۔ای ڈی کے مطابق، نندا اور سبرامنیم میڈیا ایگزم کے ڈائریکٹر مقرر کئے گئے تھے، جنہوں نے جان بوجھ کر دہلی میں منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کو حاصل کرنے میں جیمس کی مدد کی۔ایک مقامی عدالت کی طرف سے جیمس کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے بعد ای ڈی اور سی بی آئی نے جیمس کے خلاف انٹرپول ریڈ کارنر نوٹس (آرسی این )جاری کیاتھا ۔


Share: