سرسی 30؍اکتوبر(ایس او نیوز) بی جے پی سے منسلک ضلعی لیڈروں کے لئے حالات پر غور وفکر کرنے کے لئے سرسی میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے متنازع شعلہ بیانی کے لئے بدنام مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے کہا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات جو ہونگے دیش بھکتی کامکھوٹا لگاکر بم بلاسٹ کرنے والوں کے خلاف دیش پریمیوں کی طرف سے ایک زبردست احتجاج کی شکل میں ہوگا اور یہ مقابلہ سیاسی پارٹیوں کے بیچ نہیں بلکہ قومی طاقتوں اور بین الاقوامی قوتوں کے درمیان ہوگا۔
اننت کمار نے کہا کہ یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ سیکیولر طاقتوں کو کنارے لگاکر آگے بڑھنے میں قومی طاقتوں کو مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے اننت کمار نے کہا کہ ملک کے سر کا تاج جیسی اہمیت رکھنے والے جموں اور کشمیر کے مسئلے پر دیش کے مفادات کے ساتھ نہرو خاندان سیاست کھیل رہا ہے۔ نام نہاد سرخ لباس والی(کمیونسٹ؍بائیں بازوکی) پارٹیوں کے ساتھ مل کراحتجاج پر اترنے اور دیش کو کمزور کرنے والی کانگریس پارٹی دیش کے فوجیوں کو اب تک صرف بندوقیں فراہم کی تھیں، مگر اس کے لئے گولیاں اور بارود مہیا نہیں کیا تھا۔اب کی موجودہ سرکار نے فوجیوں کی طاقت کو بڑھانے کے لئے ’شوٹ ٹو کِل‘ (قتل کرنے کے لئے گولی چلاؤ) کے احکام جاری دے رکھے ہیں۔ دیش کے خلاف بولنے والوں اور دیش کے وقار پر آنچ لانے والوں کو بغیر کسی لحاظ کے سزائیں دی جارہی ہیں۔ اننت کمار نے اپنی زہر افشانی جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دیش کے بے وقوف دانشوروں کے ساتھ مل کر بھارتیوں کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرنے والی کانگریس ملک کے فوجیوں کی طاقت کمزور کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ ملک میں فائٹر جیٹس کی کمی تھی۔ فوجیوں کے اندر اعتماد رہنے کے باوجود کانگریسی سرکار ہاتھ باندھ کر بیٹھی ہوئی تھی۔ ایسی ذلت بھری صورتحال ملک میں پید اہوگئی تھی۔ اب جو رافیل طیارے لائے جارہے ہیں اس سے ہندوستانی فوج آنے والے دنوں میں پاکستان او رچین کی طرف سے حملوں کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہوگی۔
کانگریس پر مزید الزامات کی بوچھار کرتے ہوئے اننت کمار نے کہا کہ کانگریس نے اپنے منصوبوں کے ذریعے ملک میں غیر محفوظ صورتحال پید ا کردی ہے۔ اس طرح کی سچائیوں کو عوام کے سامنے لانا اورموجودہ حکومت کی طرف سے کیے گئے نتائج خیز منصوبوں سے آگاہی دینااس میٹنگ کااہم مقصد ہے۔ اننت کمار نے کہا کہ نریندر مودی کی مرکزی سرکار اپنی سمت بھول کر اقتدار پر نہیں آئی ہے۔ ملک کے حالات کو سنجیدگی سے دیکھتے ہوئے ملک کی تعمیر کے مقصد مودی کی قیادرت بر سراقتدارآئی ہے۔ 70سال کے دوران ملک کو تباہ کرنے کا کام کانگریس نے کیا ہے۔ یکساں ٹیکس کا قانون لاگو کرنے کے لئے پارلیمنٹ میں اکثریت رہنے کے باوجود کانگریس ہائی کمانڈ نہرو خاندان نے اس کی مخالفت کی تھی۔ ہندوؤں کے مفاد کے لئے لاگو ہونے والا ’ہند وکوڈ‘ منصوبے کو بھی کنارے لگادیا گیا۔
میٹنگ میں بی جے پی ضلع صدر کے جی نائک، بھٹکلایم ایل اے سنیل نائک، وشواناتھ بھٹ، بسوا راج کاشی مٹھ، ایم جی نائک وغیرہ موجود تھے۔