دبئی، یکم نومبر ( آئی این ایس انڈیا ؍ایس او نیوز) یمنی وزیر خارجہ خالد الیمانی کا کہنا ہے کہ حکومت کو اْس مشاورت کے حوالے سے تفصیلات کا علم نہیں جس کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھ کا کہنا ہے کہ وہ نومبر میں شروع ہو جائے گی۔ الیمانی نے مزید بتایا کہ یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی اور گریفتھ کے درمیان ملاقات ہو گی جس کا مقصد مذکورہ مشاورت کے ایجنڈے اور مقام کا تعیّن ہے۔ یمنی وزیر خارجہ کے مطابق اْن کی حکومت گریفتھ کی کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے اور وہ مشاورت کے ایک اور دور کے لیے کہیں بھی جانے کو تیار ہے۔ تاہم الیمانی نے زور دیا کہ مشاورت کے متعلق اعلان سے قبل اس کے ایجنڈے اور اس کے مقام کے حوالے سے یمنی صدر ہادی کی موافقت ضروری ہے۔دوسری جانب الیمانی نے حوثیوں کی قید میں یرغمال وزیر دفاع محمود الصبیحی سے اْن کے اہل خانہ کی ملاقات کروانے کے لیے سلطنت عمان کے مثبت اقدامات کو سراہا۔