کمٹہ 30؍اکتوبر(ایس او نیوز) غیر قانونی طور پر ہاتھی کے دانت اورچیتے کی کھال فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے 6ملزمین کومرور میں محکمہ جنگلات کے افسران نے گرفتار کرلیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمین کے نام کمٹہ کے رہنے والے شریدھر ناگیش بھنڈاری ، رامچندرا کپو گوڈا، مہیش تولسو گوڈا، ایشور دیو گوڈا، اشوک رتنا کر بھنڈاری اور راجیو ہونپا نائک بتائے گئے ہیں۔
بتایاجاتا ہے کہ محکمہ جنگلات کے افسران نے سب سے پہلے انکولہ بس اسٹانڈ سے ابھیشیک دینکر نائک کو گرفتار کیاتھا اور اس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیا د پر کمٹہ تعلقہ میں کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خبر ملی ہے کہ غیر قانونی طور پر ہاتھی دانت اور چیتے کا چمڑا رکھنے والے جن ملزمین کو محکمہ جنگلات کے افسران نے گرفتار کرلیا ہے ان کو چھڑانے کے لئے ضلع کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے اور وہ محکمہ جنگلات کے افسران پر مسلسل دباؤ بنا رہے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ان ملزمین کے ہاتھ لگنے سے جنگلاتی دولت کو لوٹنے والے ایک جال کا پردہ فاش ہوا ہے۔ اور اس سے متعلق کچھ اور ملزمین کی گرفتاری جلد متوقع ہے۔
خیال رہے کہ چیتے اور شیر کی کھالوں کے علاوہ ہاتھی کے دانتوں کی اسمگلنگ بہت ہی منافع بخش غیر قانونی کاروبار ہے ۔ایک اندازے کے مطابق چیتے ، شیر اور ببر شیر وغیرہ کی کھالوں کے لئے دس دس لاکھ روپے تک قیمت ملتی ہے۔خاص کر زمین کے اندر دفینے تلاش کرنے والے ایسی کھالوں پر بیٹھ کر پوجا اور دھیان کا لگانے کام انجام دیتے ہیں۔ا ن چیزوں کی بڑی قیمت بین الاقوامی بازار میں ملتی ہے اس لئے اسے بیرونی ممالک میں اسمگل کرنے والوں کی ٹولیاں خفیہ طور پر سرگرم رہتی ہیں۔
ہوناور کے ڈی ایف او وسنت ریڈی کے نگرانی میں معاون اے سی ایف پروین بسرور اور آر ایف اومسٹر وردا رنگناتھ کے علاوہ دیگر عملے میں اس کارروائی میں حصہ لیا۔