رائے پور3نومبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز)انتخابی موسم شروع ہونے کے ساتھ ہی خوش کن اعلانات کی جھڑی لگنے والی ہے۔ چھتس گڑھ میں برسراقتدار بھارتیہ جنتاپارٹی کل اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا انتخابی منشور جاری کرے گی۔ پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ یہاں منعقد پروگرام میں یہ منشورجاری کریں گے۔
پارٹی ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر شاہ کل پارٹی کا انتخابی منشور جاری کریں گے۔ اس موقع پروزیراعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ، ریاست کے انچارج جنرل سکریٹری انل جین سمیت پارٹی کے سینئر لیڈر موجود رہیں گے۔ پارٹی چوتھی بار اقتدار میں واپسی کے لیے دل خوش کن اعلانات کرسکتی ہے۔ ان اعلانات کے ذریعہ سبھی طبقات کو خوش کرنے کی کوشش کیے جانے کی امید ہے۔منشور میں کمیٹی کے کنوینر اور ریاستی حکومت میں وزیر برج موہن اگروال نے اسے حتمی شکل دینے کے لیے کئی میٹنگیں کی جن میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر رامن سنگھ بھی شامل ہوئے۔ منشور کو حتمی شکل دینے سے قبل ضلعوں سے بھی پارٹی ارکان کے مشورے طلب کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق منشور میں سب کا ساتھ سب کا وکاس نعرے کی تھیم پر زور دینے کی کوشش ہوگی۔
لوگوں کا ماننا ہے کہ ماضی کے تجربات کے پیش نظر اس میں کئی اہم اعلانات کیے جانے امید نہیں ہے کیونکہ پارٹی کی الیکشن سے عین قبل اہم اعلان کی حکمت عملی رہی ہے۔ جس سے اسے فائدہ حاصل بھی ہوتا رہا ہے۔بی جے اسمبلی انتخابات سے کچھ ماہ قبل عوام کو اپنی جانب راغب کرنے والے اعلانات کرکے اسے عمل میں لاکر انتخابی میدان میں اترتی رہی ہے۔ رمن حکومت 2008 میں دو روپے کلو چاول اسکیم شروع کرکے انتخابی میدان میں اتری تھی جبکہ 2013 میں اس نے خوراک کی حفاظت کا قانون نافذ کرکے نیز کسانوں کی امدادی قیمت پر دھان کی خریداری پر 300 روپے فی کوئنٹل بونس دیکر انتخابی میدان میں اتری تھی۔ اس بار 50 لاکھ لوگوں کو موبائل تقسیم کئے جانے اور کسانوں کو دھان کی خرید قیمت پر 300 روپے کے بونس دینے کے ساتھ انتخابی مقابلے میں اتری ہے۔