نئی دہلی28اکتوبر ( آئی این ایس انڈیا /ایس او نیوز) وراثت کی سیاست پرحکمراں اور حزب اختلاف کے درمیان الزام تراشیوں کے درمیان مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ہفتہ کو سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے تقریر کے بہانے کانگریس کی نکتہ چینی کی ہے۔ انڈیا آئیڈیاز کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو کی سیاسی وراثت کا دعوی کرنے والے لوگوں کی دلچسپی اگر پڑھنے لکھنے میں ہوگی، تو انہوں نے واجپئی کے اس تقریر کے جملہ کو ضرور پڑ ھا ہوگا، جو انہوں نے پارلیمنٹ میں مئی 1964 میں سابق وزیر اعظم نہرو کو خراج تحسین پیش کرنے کے دوران کہا تھا۔
جیٹلی نے کہا کہ میرے حساب سے ان کا (اٹل بہاری واجپئی) پارلیمنٹ میں نہرو پرکی گئی سب سے عمدہ تقریر تھی۔ اس وقت واجپئی صرف 38 سال کے تھے اور جن سنگھ (بی جے پی کی ابتدائی پارٹی )کے ایم پی تھے۔ میرے خیال سے آزاد بھارت میں اس طرح کی تقریر شاید ہی سننے کو ملی ہو ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں آزاد ہند فوج کے یوم تاسیس کے 75 ویں سال میں منعقد ایک پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کانگریس کے اوپر نیتا جی اور سردار پٹیل جیسی شخصیات کوبھلانے کا الزام لگایا تھا، جس پر کانگریس نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عظیم خدمات سے عاری بی جے پی ماہی بے آب کی طرح تڑپ رہی ہے۔