ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین کی وزیر حج کرناٹک ضمیر احمد خان سے ملاقات ، حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے پرکیا تبادلہ خیال

مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین کی وزیر حج کرناٹک ضمیر احمد خان سے ملاقات ، حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے پرکیا تبادلہ خیال

Thu, 15 Nov 2018 10:58:12  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو،15؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بنگلورو کےدورے پرآئے مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین چودھری محبوب علی قیصر نے کرناٹک کے وزیر اقلیتی بہبود،حج اور اوقاف ضمیراحمد خان سے ملاقات کی۔ حج بھون میں ضمیراحمد خان نے چودھری محبوب علی قیصر کی شال پوشی اورگل پوشی کرتے ہوئے ا ن کا استقبال کیا۔ اس موقع پردونوں نمائندوں نے سفر حج کے انتظامات کومزید بہتر بنانے، سفر کے دوران درپیش متعدد مسائل کو دور کرنے کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔

ضمیراحمدخان نے کرناٹک کے حج کوٹہ اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری درخواست مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین کو پیش کی۔ اپنی تحریری درخواست میں ضمیراحمد خان نے کہاکہ ریاست کرناٹک کو سال 2018میں مرکزی حج کمیٹی نے6624کا حج کوٹہ مختص کیاتھا۔ موجودہ دور میں کرناٹک کو2011 کی مردم شماری کے مطابق کوٹہ مختص کیاجارہاہے۔ اس وقت ریاست میں مسلمانوں کی آبادی13فیصد تھی۔ اب مسلمانوں کی آبادی تقریبا17فیصد ہے۔لہذا مرکزی حج کمیٹی کو چاہئےکہ وہ ریاست کے حج کوٹہ میں کم سے کم 2000 نشستوں کا اضافہ کرے۔

ساتھ ہی ساتھ ضمیراحمد خان نے نجی حج ٹورآپریٹروں کے استحصال اور دھوکہ دہی کے معاملات پرقابوپانے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی مرکزی حج کمیٹی سے درخواست کی۔ ضمیراحمد خان نے کہاکہ حج2018 کے دوران بنگلورو میں دو نجی ٹور آپریٹروں نے136عازمین حج کو دھوکہ دیا۔ اس سلسلہ میں مقامی پولیس اسٹیشنوں میں شکایت اورعدالتوں میں مقدمہ بھی چل رہاہے۔

ضمیراحمد خان نے چودھری محبوب علی قیصر سے اپیل کی کہ متاثرہ عازمین حج کو آنے والے سفر حج میں بغیرقرعہ اندازی کے منتخب کیاجائے۔ ضمیراحمد خان نے سفر حج کے اخراجات کو کم کرنے کا بھی مرکزی حج کمیٹی سے پُرزور مطالبہ کیا۔ کرناٹک کے وزیر نے کہاکہ اس سال ریاست کےعازمین حج سے منی اور مدینہ میں خستہ انتظامات کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔اس مسئلہ کابھی مرکزی حج کمیٹی نوٹس لے۔

مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین محبوب علی قیصر نے کہاکہ انہوں نے عازمین کو درپیش مسائل سے سعودی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ انہوں نےمزید کہاکہ وہ 17نومبر کو ہونے والی مرکزی حج کمیٹی کی میٹنگ میں ریاست کرناٹک کے مطالبات کو پیش کریں گے۔


Share: