منگلورو29؍اکتوبر (ایس او نیوز)ساحلی کرناٹکا میں ادھر پچھلے کچھ دنوں سے رات او ردن کے درجۂ حرارت میں بہت ہی نمایاں فرق ظاہر ہورہا ہے۔ دن کے وقت شدید گرمی اور رات کو سردی کی جو کیفیت دکھائی دے رہی ہے،وہ عام حالات میں جوفرق ہونا چاہیے تھااس سے بڑی حد مختلف ہے۔
اتوار کے دن منگلورو شہر میں درجۂ حرارت 35.7ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو موسم کے لحاظ سے انتہائی شدید ہے، اور اسی موسم میں گزشتہ سال ریکارڈ کیے گئے درجۂ حرارت سے 5ڈگری زیادہ ہے۔جبکہ رات کے وقت جو سب سے کم درجۂ حرارت درج کیا گیا وہ 21.3ڈگری سیلسیس ہے۔
ضلع شمالی کینرا کے کاروار میں جو سب سے زیادہ درجۂ حرارت دن کے وقت درج کیا گیا وہ 38.2ڈگری سلسیس تھاجبکہ رات کے وقت سب سے کم درجۂ حرارت 20.7ڈگری سیلسیس رہا۔مڈیکیرے میں درجۂ حرارت15.8ڈگری سلسیس ریکارڈ ہوا ہے اور کوڈاگو میں پہلے کے مقابلے میں بہت ہی کم درجۂ حرارت درج کیا جارہا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کی رفتارمیں تیزی دکھائی دے رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ساحلی کرناٹکا میں دو تین دن تک بجلیوں کے ساتھ بارش ہونے کے امکانات پید اہوگئے ہیں۔ اور اگر تیزی سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے خلیج بنگال میں کم دباؤ بنتا ہے تو پھر ساحلی علاقے میں بہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔