لکھنؤ 30 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) موسم سرما کی دستک کے درمیان یوپی کے مختلف شہروں کی آ ب و ہوا اب زہریلی ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ریاست کے زیادہ تر اہم شہروں میں آج آب و ہوا کا معیار صحت کے لیے بہت خراب کے زمرے میں تصور کیا گیا ۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے نیشنل ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق اتر پردیش کے کانپور، غازی آباد، لکھنؤ، آگرہ اور باغپت سمیت کئی شہروں میں آلودگی پھیلانے والی عنصر کی پی ایم 2.5 خطرناک سطح تک موجودگی رہی ۔ ان میں سے کانپور کی پوزیشن تو انتہائی خراب رہی، انڈیکس کے مطابق صنعتی شہر کانپور میں آلودگی کی سطح ’انتہائی خراب‘ زمرہ میں رہی ۔ یہاں شام پانچ بجے پی ایم 2.5 کی موجودگی 400 سے زائد رہی۔ غازی آباد سے بھی زیادہ پیچھے نہیں رہا۔ یہاں بھی پی ایم 2.5کی موجودگی تقریبا 400 تھی ۔باغپت کی ہوا بھی ’بہت خراب‘ زمرہ کی رہی۔ یہاں پی ایم 2.5 اوسطا 380 کے ارد گرد رہا۔ اس کے علاوہ نوئیڈا میں شام پانچ بجے تک پی ایم 2.5کی موجودگی 379، ہاپوڑ میں 371، بلند شہر میں 360، مظفر نگر میں 352، گریٹر نوئیڈا میں 340، آگرہ میں 323، لکھنؤ کے لال باغ میں 305، تال کٹورا صنعتی مرکز میں 322، نشاط گنج میں 303 اورسینٹرل اسکول میں 284 رہا۔ یہ تمام بہت خراب کے زمرے میں تصور کیے گئے۔معلوم ہو کہ پی ایم 2.5 ایسے ماہ آلودگی پھیلانے والی ذرات ہیں جو انسانی خون میں پہنچ کر سنگین بیماریاں پیدا کرتے ہیں۔