ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دہشت گردی کے الزامات سے باعزت بری ملزم نے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا سیکریٹری قانونی امدا د کمیٹی گلزار اعظمی و وکلاء سے ملاقات کی

دہشت گردی کے الزامات سے باعزت بری ملزم نے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا سیکریٹری قانونی امدا د کمیٹی گلزار اعظمی و وکلاء سے ملاقات کی

Tue, 06 Nov 2018 17:58:08  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی،6؍نومبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز) دس سالوں کے طویل عرصہ کے بعد دہشت گردی کے الزامات سے باعزت بری پونے کے ساکن فاروق شرف الدین ترکش نے آج اسے قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی اور وکلاء ایڈوکیٹ انصار تنبولی اور شاہد ندیم سے ملاقات کرکے جمعیۃ علماء کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر فاروق ترکش نے کہا کہ میں جمعیہ علماء لیگل سیل اور اس کے وکلاء کی ٹیم کا شکر گذا ر ہوں اور میرے والدین اور خیر خواہ حضرات آپ کے مشکور ہیں اس بات پر کہ اللہ تعالی نے آپ کے ذریعہ اور آپ کے وکلاء کی اچھی پیروی کی بدولت مجھے حیدرآباد مقدمہ سے باعزت بری کردیا نیزمجھے آپ لوگوں کی کوششوں سے ہی ممبئی (انڈین مجاہدین) مقدمہ سے ضمانت نصیب ہوئی۔ 

فاروق ترکش نے مزید کہا کہ ہماری اس خوشی کے لیئے آپ مبارکباد ی کے حقدار ہیں اور میں یہ امید رکھتا ہوں کہ آپ دیگر بے گناہ اسیران کی رہائی کے لیئے بھی کوشش کریں گے نیز اللہ تبارک و تعالی سے دعا ہیکہ وہ جمعیۃ علماء کے مخلص کارکنوں کو دنیا و آخرت میں اس کا بہترین اجر عطاء کرے۔

فاروق ترکش اور اس کے والد شرف الدین ترکش سے ملاقات کے دوان گلزار اعظمی نے کہا کہ جس طرح حیدرآباد بم دھماکہ معاملے سے باعزت رہائی ملی ہے اسی طرح ممبئی انڈین مجاہدین معاملے سے بھی اسے رہائی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے وکلاء اپنی ذمہ داری نہایت ایمانداری اور دلجمعی سے نبھارہے ہیں جس کے نتیجے میں دن بہ دن دہشت گردی کے الزامات سے مسلم نوجوان باعزت بری ہوتے جارہے ہیں ۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں حیدرآباد کی خصوصی این آئی اے عدالت نے لمببی پارک سلسلہ وار بم دھماکہ معاملے سے فاروق ترکش اور صادق اسرار شیخ کو باعزت بری کردیا تھا جبکہ فاروق ترکش کو ممبئی انڈین مجاہدین معاملے میں ضمانت پر رہائی پہلے ہی مل چکی تھی لیکن حیدرآباد مقدمہ کی وجہ سے اس کی رہائی عمل میں نہیں آرہی تھی۔

 


Share: