ممبئی 27اکتوبر (پریس ریلیز/ایس او نیوز) ؍ اکتوبر 2016کو گنجان مسلم آبادی والے صنعتی شہر بھیونڈی میں محرم کے موقع پر نکلنے والے تعزیہ کے جلوس کے دوران پھوٹ پڑنے والے فرقہ وارانہ فسادات جس میں ۸؍ افراد شدید زخمی اور چند پولس اہلکاروں کو بھی پتھر اؤکی وجہ سے چوٹیں آئی تھیں کے معاملہ میں گرفتار۱۲؍مسلم نوجوانوں کومشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے تھانہ سیشن عدالت نے احکامات جاری کیئے۔یہ اطلاع آج یہاں ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربرہ گلزار اعظمی نے ممبئی میں اخبار نویسوں کو دی ۔
گلزار اعظمی نے بتایا کہ ملزمین محمد توصیف خان، سلطان نسیم شاہا، سمیر مسلم انصاری ،محمد جاوید شیخ، محمد جلیل علی حسن انصاری ،محمد عالم شیخ،محمد علی منیر شیخ،شہباز اقبال انصاری،شبیر سلیم شاہا،نوشاد سلیم شاہا،محمد اکرم حبیب اللہ انصاری،کمال احمد نہال احمد انصاری، رفیق شیخ،محمد افروز حنیف صدیقی اور فیاض جعفر خان کی ضمانت عرضداشت پر ایڈوکیٹ متین شیخ اور ایڈوکیٹ ارشد شیخ نے بحث کی اور عدالت کو بتایا تھا کہ اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے اور سپریم کورٹ نے اس سے قبل دو ملزمین کو اور سیشن عدالت نے دوملزمین کو ضمانت پر ہا کیا تھا لہذا ان ملزمین کو بھی ضمانت پر رہائی ملنا چاہئے ۔
دفاعی وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے تھانہ سیشن عدالت کے جج امبڈکر نے ملزمین کو پندرہ ہزار روپیہ کے ذاتی مچلکہ پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے اور ملزمین پرسرکاری گواہوں سے رابطہ نا کرنے اور ان کے خلاف موجود ثبوت وشواہدسے چھیڑ چھاڑ ناکرنے کی ہدایت دی۔
گلزار اعظمی نے بتایا کہ ابتک جمعیۃ علماء کی کوششوں سے ۱۶؍ ملزمین کو ضمانت پر رہا کرایا جاچکا ہے اور دیگر ملزمین کی ضمانت پر رہائی کے لیئے کوشش جاری ہے۔
واضح رہے کہ ۱۳؍ اکتوبر ۲۰۱۶ء کو محرم کے موقع پر بھیونڈی شہر سے تعزیہ کا جلوس نکالا گیا تھا جسے شہر میں گھمایا جارہا تھا اس دوران ہنومان مندر کے پاس چند شرپسندوں نے جلوس میں رخنہ اندازی کی کوشش کی اور شرکاء جلوس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد دونوں فرقوں کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا اس دوران پولس بھی پتھراؤ کی زد میں آگئی اور اس کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا ۔
حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد شاستری نگر پولس نے ۱۹؍ مسلم نوجوانوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات307, 395, 436, 353, 332, 336, 338, 427, 143, 147, 148, 149 ، 34اور پبلک پراپرٹی ڈیمجیس ایکٹ کی دفعہ 3 اور 4نیز بامبے پولس کی دفعہ 37(1) 135 کے تحت مقدمہ قائم کیا اور ان تمام ملزمین کے خلاف فرد جرم بھی عدالت میں داخل کی تھی۔