بھٹکل29؍اکتوبر (ایس او نیوز)اس سے پہلے بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی میں بدعنوانی کرنے کے الزام میں معطل کیے جانے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے احکام کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں برطرف کیے گئے بلدیہ کے ایک اہلکار اسماعیل جی ڈوڈاگُبّی کے خلاف ایک نیا معاملہ بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔
معلوم ہو اہے کہ ملزم اسماعیل نقلی دستاویزات تیار کرکے نورالامین شاہ بندری نامی شخص کوعثمان نگر کے پاس آشریہ کالونی میں موجود پلاٹ فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔اصل میں عثمان نگر کے رہنے والے محمد حسین اقبال نے نورالامین شاہ بندری کوسوسگڈی سروے نمبر267Aحصہ 257کا ایک آشریہ پلاٹ فروخت کرنا چاہا تھا۔ اس کے نقلی دستاویزات فارم نمبر 3کی شکل میں کمپیوٹر گرافکس سے بلدیہ کے برطرف اہلکار اسماعیل نے تیار کیے تھے۔ جب خریدار نورالامین کو ان دستاویزات پر شک ہواتو انہوں نے بلدیہ دفتر پہنچ کر چھان بین کی۔گہرائی سے جانچ کرنے پریہ فراڈ سامنے آیا۔ جس کے بعد ٹی ایم سی کے چیف آفیسر وینکٹیش ناووڈ نے ٹی ایم سی کے نام پر نقلی دستاویزات تیار کرکے بلدیہ کو دھوکہ دینے کی کوشش کاالزام لگاتے ہوئے اسماعیل ڈوڈ گبی کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔