ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں 'پرجا سودھا' کا ہوا افتتاح - کہا : ریاست کو عوام کے لئے امن و شانتی کے باغ میں تبدیل کرنا ہے

منگلورو : وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں 'پرجا سودھا' کا ہوا افتتاح - کہا : ریاست کو عوام کے لئے امن و شانتی کے باغ میں تبدیل کرنا ہے

Sat, 17 May 2025 18:21:33    S O News
منگلورو : وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں 'پرجا سودھا' کا ہوا افتتاح - کہا : ریاست کو عوام کے لئے امن و شانتی کے باغ میں تبدیل کرنا ہے

منگلورو، 17/ مئی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر دفتر کی نو تعمیر شدہ شاندار عمارت 'پرجا سودھا' کا افتتاح ریاستی وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ 
    
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ساحلی علاقوں سمیت پوری ریاست کی ہمہ جہتی ترقی  اور اسے عوام کے لئے امن و سکون کے ساتھ جینے لائق ایک خوبصورت باغ میں تبدیل کرنے کا عہد کیا ہے ۔ دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع تعلیم کے میدان میں صف اول میں ہے ۔ یہاں پر عقلمند اور تعلیم یافتہ افراد بستے ہیں ۔ اس لئے یہ جگہ امن و شانتی کا باغ ہونا چاہیے ۔ کسی بھی وجہ سے یہاں پر فرقہ وارانہ فساد نہیں ہونا چاہیے ۔ اس مقصد کے لئے تمام سیاست دانوں کو محنت کرنی چاہیے ۔ تحمل اور برداشت کے ساتھ ایک دوسرے کو جینے کا موقع فراہم کرنا چاہیے ۔ 
    
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کنڑا ریاست میں بسنے والے لوگ ہیں ۔ کنڑا ہماری آفیشئل زبان ہے ۔ اسے پہلی ترجیح دینے کے ساتھ تُولو زبان کو بھی ایک منظور شدہ زبان کا درجہ دینے کے بارے میں بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔
    
انہوں نے کہا کہ گزشتہ میعاد میں ہماری حکومت نے مختلف قسم کی بھاگیہ اسکیمیں جاری کی تھیں ۔ اس  مرتبہ ہم نے گارنٹی اسکیموں کو لاگو کیا جس کی وجہ سے ریاستی بجٹ 3,71,000 روپوں تجاوز کرتا ہوا 4,9,000 کروڑ روپوں تک پہنچ گیا ۔ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ گارنٹی اسکیموں کی وجہ سے ترقیاتی کام کے لئے سرکاری خزانے میں پیسے نہیں ہیں ، ان کی بات میں دم نہیں ہے ۔
    
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے جن باتوں کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں ۔ ہم نے ہر ضلع کے لئے ایک میڈیکل کالج کا وعدہ کیا تھا ۔ اس مرتبہ دکشن کنڑا، کولار اور باگلکوٹ میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔  پتور کے ایم ایل اے اشوک کمار رائے کے اصرار پر پتور کے لئے میڈیکل کالج کو منظوری دی گئی ہے ۔ فی الحال 250 بستروں والا اسپتال بنایا گیا ہے ۔ آگے چل کر توسیع کرتے ہوئے اسے 500 بستروں والے اسپتال میں کیا جائے گا ۔ 
    
ریوینیو منسٹر کرشنا بائرے گوڈا نے اس موقع پر کہا کہ پچھلی میعاد میں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے سدا رامیا نے ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے جس کامپلیکس سنگ بنیاد رکھا تھا، آج انہی کے ہاتھوں اس عمارت کا افتتاح ہوا ہے ۔  ابتدا میں کچھ کام ہونے کے بعد پھر ایک عرصے تک یہ جگہ یونہی ویران پڑی ہوئی تھی ۔ ہماری حکومت بننے کے بعد میں نے اور ضلع انچارج وزیر دنیش گنڈو راو نے اس منصوبے کے لئے اضافی فنڈ منظور کروایا اور اس طرح یہ عمارت تیار ہوگئی ۔ 
    
اسمبلی اسپیکر یو ٹی قادر نے کہا کہ دکشن کنڑا میں پرجا سودھا کے افتتاح کے ساتھ جدید ترقی کا پھاٹک کھل گیا ہے ۔ حکومت کے 'نمّا بھومی' جیسے تاریخی پروگرام کی وجہ سے ریاست کے عوام کو اپنی خود کی زمین کا مالک بننے کے مواقع فراہم ہوئے ہیں ۔ 
    
اس موقع پر پروگرام کی صدارت کر رہے ایم ایل اے وید ویاس کامت اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے بیچ کچھ نوک جھونک بھی اس وقت دیکھنے کو ملی جب بی جے پی کے ایم ایل اے وید ویاس کامت نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے اسمارٹ سٹی کے  لئے فنڈ فراہم کیے جانے  سے ہی ڈپٹی کمشنردفتر کا یہ کامپلیکس ، اوروا میں انڈور اسٹیڈیم وغیرہ کی تعمیر ممکن ہو سکی ہے۔ 
    
اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ جب میں وزیر اعلیٰ تھا تو اس وقت میں نے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا اور پہلے مرحلے کی تعمیرات کا آغاز ہوا تھا ۔ بی جے پی چار سال تک بر سر اقتدار تھی مگر پرجا سودھا منصوبہ یوں ہی دھرا رہ گیا ۔ ان چار سالوں میں کام کیوں نہیں آگے بڑھایا گیا ۔ تاریخ کو توڑ مروڑ کر جھوٹ نہیں بولنا چاہیے ۔ الیکشن کے موقع پر سیاست کرنا چاہیے ۔ تعمیر و ترقی کے معاملے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے ۔ 

Chief-Minister-Siddaramaiah-Inaugurates-Prajasoudha-in-Mangaluru-18
 


Share: