بھٹکل، 28 جولائی (ایس او نیوز): مرڈیشور کے اتّرکوپّا بیدکی بیل جنگلاتی علاقے میں غیر قانونی طور پر جاری جوئے کے اڈے پر جہاں مرغوں کی لڑائی جاری تھی، پولس نے چھاپہ مار کر تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی اتوار کی شام انجام دی گئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت بستی بیدرمنے کے شنیار ناگپا نائک، اترکوپا ہولیباگل کے رہائشی راگھویندر سبرایا نائک اور بیئلور دوڈابالا سے تعلق رکھنے والے گنپتی نارائن نائک کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے موقع سے 4 موٹر سائیکلیں، 6 مرغے اور 1200 روپے نقد رقم ضبط کی ہے۔ یہ کارروائی اُترکنڑا ایس پی دیپن ایم این، ایڈیشنل ایس پی کرشنامورتی، جگدیش اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش کی رہنمائی میں مرڈیشور سی پی آئی سنتوش کائیکنی اور ایس آئی ہنومنت بیرادر کی قیادت میں عمل میں آئی۔ ٹیم میں اے ایس آئی سریندر الگیرکر، سنگپا ہریجن، مہیش سمنالی، وجے نائک اور یوگیش نائک شامل تھے۔
اس سلسلے میں مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔