ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: شمس پی یو کالج میں طلبہ و سرپرستوں کے لیے اورینٹیشن پروگرام ؛ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی پر زور

بھٹکل: شمس پی یو کالج میں طلبہ و سرپرستوں کے لیے اورینٹیشن پروگرام ؛ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی پر زور

Mon, 02 Jun 2025 19:14:21    S O News
بھٹکل: شمس پی یو کالج میں طلبہ و سرپرستوں کے لیے اورینٹیشن پروگرام ؛  طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی پر زور

بھٹکل، 2 جون (ایس او نیوز): ادارہ تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ انتظام شمس پی یو کالج، بھٹکل میں اتوار کے روز پی یو سی سال اول اور دوم کے طلبہ اور اُن کے والدین کے لیے ایک رہنمائی (Orientation) پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کا مقصد نہ صرف تعلیمی معلومات کی فراہمی تھا بلکہ طلبہ کی ہمہ جہتی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت، اور والدین کو ادارے کے نظم و نسق سے روشناس کروانا بھی تھا۔

شمس انگلش میڈیم اسکول، جو جامعہ آباد روڈ، ہیبلے گرام پنچایت حدود میں واقع ہے، کئی برسوں سے آئی سی ایس ای ICSE نصاب کے تحت کامیابی سے تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہاں کے میٹرک نتائج مسلسل سو فیصد رہے ہیں۔ گزشتہ سال سے اسی ادارہ میں ریاستی نصاب کے تحت پری یونیورسٹی کالج کا آغاز کیا گیا، جہاں پہلے ہی سال پی یو سی فرسٹ کے شاندار نتائج حاصل کیے گئے۔ رواں سال پی یو سی سیکنڈ کی کلاسیں بھی شروع کی جا رہی ہیں۔ لڑکیوں کے لیے تمام نشستیں مکمل ہو چکی ہیں، جبکہ شعبۂ سائنس میں لڑکوں کے لیے محدود نشستیں باقی ہیں۔

اتوار کے روز منعقدہ پروگرام میں ادارہ کے صدر انجینئر نذیر احمد قاضی، سابق صدر قادِر میراں پٹیل، اور پرنسپل لیاقت علی نے طلبہ اور والدین سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ شمس پی یو کالج صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں طلبہ کو تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقی و سماجی شعور سے بھی آراستہ کیا جاتا ہے۔

shams-prog-2.jpg

انجینئر نذیر احمد قاضی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم کے سلسلے میں واضح اہداف مقرر کریں اور اُن کے حصول کے لیے محنت اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ادارہ ہر ممکن تعلیمی و اخلاقی معاونت فراہم کرے گا۔

پرنسپل لیاقت علی نے کالج کی تعلیمی سرگرمیوں، دستیاب سہولیات اور طلبہ کے لیے منعقدہ خصوصی تربیتی پروگراموں کی تفصیل پیش کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارہ نہ صرف نصابی تعلیم پر توجہ دیتا ہے بلکہ ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں بھی پیش پیش ہے۔

تقریب میں کالج کے تدریسی عملے نے نئے داخل شدہ طلبہ اور ان کے سرپرستوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران کالج کے قواعد و ضوابط، سالانہ تعلیمی منصوبہ بندی، اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔ والدین کو یہ پیغام دیا گیا کہ بچوں کی کامیابی میں اُن کی شراکت کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے انہیں تعلیمی پیش رفت میں مسلسل دلچسپی لینی چاہیے۔

تقریب میں ادارہ تربیت اخوان کے نائب ناظم رکن الدین ضیاء، سکریٹری مالیات عزیز الرحمن رکن الدین ندوی،  تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب صدر سید قطب برماور ندوی، پی یو کوآرڈینیٹر فہمیدہ خضر، اور اسکول کے سنئیر استاذ و ماہر تعلیم محمد رضا مانوی سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت سیکنڈ پی یو کے ہونہار طلبہ ضیاء بنگالی اور افہام مصباح نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔

پروگرام کے اختتام پر والدین اور اساتذہ کے درمیان ایک باہمی مشاورتی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے والدین نے اساتذہ سے براہ راست تبادلہ خیال کرتے ہوئے اپنے بچوں کی تعلیمی صورتحال سے گہری واقفیت حاصل کی۔


Share: