منگلورو ، 22 / ستمبر (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ضلع انچارج اور وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیشن گنڈو راو نے ریاست میں چل رہے 'سماجی، معاشی و تعلیمی سروے' کے تعلق سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسے 'ذات شماری' سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے ۔
انہوں نے شہر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ذات شماری' کا کام مرکزی حکومت کی طرف سے کیا جاتا ہے ۔ ریاستی سطح پر اس وقت جو سروے چل رہا ہے وہ عوام کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی صورتحال کا خاکہ تیار کرنے کے لئے سائنٹفک انداز میں کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خواہ مخواہ اس پر الجھن پیدا کرنا ٹھیک نہیں ہے ۔ اختلاف رائے ہو سکتا ہے مگر ریاستی حکومت یا کانگریس پارٹی عوام کے اندر ذات پات کی تفریق کرنے جیسی بدنیتی کے ساتھ یہ کام نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب وزیر اعظم نریندرا مودی نے خود کہہ دیا ہے کہ 'ذات شماری' ہوگی تو پھر بی جے پی کی طرف سے اعتراض کا مطلب ہے ؟
وزیر موصوف نے کہا کہ بی جے پی کو اس کی مخالفت کرنے دو، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست کے لئے یہ سروے بہت ضروری ہے ۔ اس سے حکومت کو حقیقی طور پر پسماندہ طبقات کی نشاندہی کرنے میں آسانی ہوگی ۔ کن طبقات کو مزید سہولتوں کی ضرورت ہے اور کس کے لئے سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں ۔ مگر کچھ لوگ اس پر سیاست کر رہے ہیں ۔