ملاپورم ، 5 / جولائی (ایس او نیوز) کیرالہ میں نیپاہ وائرس کی واپسی کے ساتھ ایک مریض کی موت اور دوسرے زیر علاج مریض کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو کی وجہ سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کوزیکوڈ میں اکیوٹ اینسیفلائٹس سنڈروم (دماغی بخار) کی وجہ سے دو دن قبل جس اٹھارہ سالہ لڑکی کی موت واقع ہوئی تھی، نیپاہ وائرس کے لئے اس کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو نکلی ہے ۔
اس کے علاوہ پلکاڈ ضلع کی رہنے والی اور پرینٹلمنا کے پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ایک 38 سالہ خاتون کا نمونہ جو جانچ کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پونے کو بھیجا گیا تھا اس کی رپورٹ بھی پوزیٹیو آئی ہے ۔ یاد رہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں ملاپورم کے والنچیری میں ایک خاتون کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو نکلی تھی وہ ابھی صحت یاب ہو رہی ہے ۔
گورنمنٹ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں فوت ہونے والی 18 سالہ لڑکی کی جانچ رپورٹ پوزیٹیو نکلنے کے بعد اس کے علاج میں شریک رہنے اور پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کو کوارنٹین کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت کے مطابق نیپاہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کے رابطے میں آنے والے جملہ 345 افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے جس میں ملاپورم کے 211 ، کوزیکوڈ کے 43 اور پالکاڈ کے 91 افراد شامل ہیں ۔ ان تینوں اضلاع کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور وہاں پر وائرس سے متاثرہ کے رابطے میں آنے والے افراد کی نشاندہی اور نگرانی کرنے کے علاوہ ضروری ہونے پر انہیں کوارنٹین کرنے جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔