ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راہل، پرینکا اور اکھلیش کی قیادت میں سیاہ لباس پہنے اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں احتجاج

راہل، پرینکا اور اکھلیش کی قیادت میں سیاہ لباس پہنے اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں احتجاج

Wed, 22 Jul 2026 11:48:56    S O News
راہل، پرینکا اور اکھلیش کی قیادت میں سیاہ لباس پہنے اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں احتجاج

نئی دہلی ، 22/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس، سماجوادی پارٹی اور ترنمول کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے مکر دوار پر کالے کپڑے پہن کر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج نیٹ پیپر میں دھاندلی کے خلاف طلبہ کی تحریکوں اور تعلیمی نظام میں جاری بدامنی سے نمٹنے کے حکومتی طریقے کے خلاف کیا گیا ہے۔ اس دوران حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ کو دہلی پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے اور طلبہ پر ہونے والی پولیس کارروائی کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں نے متحد ہو کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانگریس کے اس بڑے احتجاجی مظاہرے کا بنیادی مقصد نوجوانوں اور طلبہ کے مستقبل سے جڑے اس حساس معاملے پر حکومت کی توجہ مبذول کرانا اور سخت پیغام دینا ہے۔ پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ نے ایک ساتھ متحد ہو کر احتجاج درج کرانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقدہ کانگریس کے احتجاج میں شامل پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا، وہ اہم نہیں ہے۔ آپ (میڈیا) مجھے بتائیں کہ طلبہ کے ساتھ جو ہوا، وہ صحیح ہے یا غلط؟ طلبہ کے مطالبات جائز ہیں اور وہ اپنے حق کی بات کر رہے ہیں۔ تعلیم کا بجٹ 1.4 لاکھ کروڑ روپے ہے، لیکن آپ اڈانی اور امبانی کا 16 لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کر رہے ہیں۔ طلبہ کی جدوجہد جائز ہے اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ بار بار پیپر لیک ہو رہے ہیں... پرامن احتجاج میں کچھ بھی غیر جمہوری نہیں ہے، لیکن طلبہ کے ساتھ اور پارلیمنٹ میں جو ہو رہا ہے، وہ غیر جمہوری ہے۔

کانگریس کے راجیہ سبھا رکن سید نصیر حسین نے بتایا کہ تمام اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ احتجاج کرنے والے طلبہ اور اراکین پارلیمنٹ پر پولیس کی طاقت کے استعمال کے خلاف سیاہ لباس پہن کر آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت ہٹ دھرمی چھوڑ کر طلبہ سے بات چیت کرے اور پورے تعلیمی نظام کو درست کرے۔ کانگریس کے دیگر راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری نے 20 جولائی کو طلبہ پر ہوئے لاٹھی چارچ پر سخت غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بغیر نیم ٹیگ والے لوگ آ کر حملہ کرتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اپوزیشن اور حزب اختلاف کے قائد اس بربریت پر خاموش بیٹھے رہیں اور اپنی آواز نہ اٹھائیں؟


Share: