ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : محمد اشرف ہجومی قتل کے تین ملزمین کی ضمانت کی درخواست نامنظور

منگلورو : محمد اشرف ہجومی قتل کے تین ملزمین کی ضمانت کی درخواست نامنظور

Thu, 03 Jul 2025 12:32:33    S O News

منگلورو ، 3 / جولائی  (ایس او نیوز) شہر کے مضافات کوڈوپو میں ہوئے محمد اشرف ہجومی قتل معاملے میں گرفتار شدہ تین ملزموں کی طرف سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواست کو سیکنڈ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ منگلورو نے مسترد کر دیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ جج وی این جگدیش نے جن تین ملزمین کی ضمانت کی درخواست کو نامنظور کیا ہے وہ  ٹی سچن، منجوناتھ اور نتیش کمار بالترتیب ملزم نمبر ایک ، دو اور تین کی طرف سے داخل کی گئی تھی ۔

ایک دوسرے فیصلے میں جج نے اس معاملے کے تفتیشی افسر [آئی او] کی طرف سے داخل کی گئی رپورٹ کا نوٹ لیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ضمانت کے لئے درخواست گزاروں سمیت ملزمین نے اشرف کو بے لباس کرتے ہوئے اس کا بڑی بے رحمی سے قتل کیا تھا ۔ موقع پر واردات پر درخواست گزاروں سمیت دیگر ملزمین کی موجودگی فوٹوگرافس اور ویڈیو میں قید ہوئی ہے ۔ پولیس نے ملزمین کے کال ریکارڈس کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کر لی ہے ۔

جج نے کہا کہ تفتیشی افسر کو مزید تحقیقات کے لئے بعض ملزمین کو پولیس کسٹڈی میں لینا ہوگا ۔ اس معاملے کو منطقی نتیجہ تک پہنچانے کے لئے دیگر شواہد بھی جمع کرنے ہونگے ۔ جو مواد جمع کیا گیا ہے کہ اس سے ابتدائی طور پر درخواست گزاروں اور دیگر ملزمین کے اس معاملے میں شامل رہنے کے اشارے ملتے ہیں ۔

جج نے کہا کہ اس جرم کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں کو نامنظور کیا جاتا ہے ۔

خیال رہے کہ ہجومی قتل کے معاملے میں پولیس نے جملہ 21 ملزمین  کو گرفتار کیا ہے ۔ سیشنس عدالت کے اس جج نے اس سے قبل دیگر آٹھ ملزمین کی طرف سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواست کو نامنظور کر دیا تھا ۔


Share: