منگلورو، 18 / جون (ایس او نیوز) مانسون کے موسم کا ابھی ابتدائی دور ہی چل رہا ہے مگر اس مرتبہ برسات اور تیز ہواوں کی وجہ سے میسکام کو جتنا بڑا نقصان ہوا اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 10,583 بجلی کے کھمبے ٹوٹ کر گر گئے اور بہت سارے ٹرانسفارمرز خراب ہوگئے ۔ اس طرح میسکام کو 16,45,63,000 روپے سے زائد کا خسارہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے ۔
اپریل سے 15 جون تک کے عرصے میں سب سے زیادہ نقصان میسکام کے دائرہ عمل میں آنے والے دکشن کنڑا اور چکمگلورو کے اضلاع میں دیکھا گیا ہے ۔
میسکام کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق صرف دکشن کنڑا میں ہوئے نقصان کا تخمینہ 6,91,37,000 روپے لگایا گیا ہے، جبکہ چکمگلورو میں 3,85,60,000 روپے، اڈپی ضلع میں 3,73,53,000 روپے اور شیموگہ میں 1,95,14,000 روپے خسارے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔
میسکام کا کہنا ہے کہ اس کے دائرہ عمل میں آنے والے چار اضلاع میں جملہ 180 پاور ٹرانسفارمرز کو نقصان پہنچا ۔ بجلی کے کھمبوں کو جو نقصان پہنچا اس کی تفصیل کے مطابق دکشن کنڑا میں 4,227، چکمگلورو 2,238، شیموگا 1,945 اور اڈپی ضلع میں 2,173 ٹوٹ گئے یا زمین بوس ہوگئے ۔ نقصان پہنچے ہوئے 10,583 کھمبوں میں سے 10,338 نئے کھمبے اب تک تبدیل کر دئے ہیں ۔