بھٹکل، 25 ستمبر (ایس او نیوز): جالی روڈ پر واقع تحسین فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکٹ کے کولڈ اسٹوریج روم میں پیر کی دوپہر بھیانک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔ آگ پر قابو پانے کے لئے بھٹکل کے ساتھ ساتھ ہوناور اور بیندور سے بھی فائر بریگیڈ کو بلانا پڑا۔ شام قریب چار بجے کافی جدوجہد کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔
واردات دوپہر قریب ڈھائی بجے اس وقت پیش آئی جب دکان پر دو اسٹاف موجود تھے جبکہ دیگر لوگ کھانے کے وقفے پر گئے ہوئے تھے۔یہ دکان بظاہر فروٹ اور ترکاری کی عام دکان نظر آتی ہے، مگر اس کے اندرونی کمرے میں کولڈ اسٹوریج بنایا گیا ہے، جو بھٹکل کے معروف رہائشی کامپلیکس اوشیانک کے بالکل متصل ہے۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی محمد شفیع کی قیادت میں فائر بریگیڈ جائے وقوع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش کی، مگر ایک گاڑی سے قابو پانا ممکن نہ ہوا۔ مسلسل شعلے اور اندر سے کمپریسر و سلینڈر پھٹنے کی آوازوں کی وجہ سے عوام میں خدشات بڑھ گئے کہ آگ کہیں اطراف میں نہ پھیل جائے۔ دھویں کی تہہ اتنی گھنی تھی کہ دور دور تک صرف دھواں ہی دھواں دکھائی دے رہا تھا۔
مارکٹ کے مالک افتخار رکن الدین نے بتایا کہ دو روز قبل ہی یہاں فروٹ اور ترکاری کا نیا اسٹاک اتارا گیا تھا جسے اسٹوریج میں رکھا گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق سب سے پہلے کولڈ اسٹوریج میں موجود ایک اے سی کے کمپریسر میں آگ دیکھی گئی جو تیزی سے پھیلتے ہوئے پوری دکان کو لپیٹ میں لے لیا۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے چاروں اے سی کے کمپریسر اور کولڈ اسٹوریج میں موجود فریج کا سلینڈر پھٹنے کی آوازیں سنائی دیں اور چند لمحوں میں دکان کے اندر موجود کولڈ اسٹوریج جل کر خاکستر ہوگیا۔
آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دس مالے والا رہائشی کامپلیکس اوشیانک گھنے دھویں کی چادر میں چھپ گیا .آگ لگتے ہی سوشیل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے لگی جس میں دیکھا گیا کہ بلند دھواں دور سے ہی نظر آرہا ہے اور کالے دھویں کو دیکھتے ہوئے لوگ دور ہی کھڑے ہوکر لوگوں کو آگے بڑھنے سے روک رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعد میں بھٹکل تحصیلدار ناگیندر کولا شٹی موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔ ہوناور اور بیندور سے مزید فائر بریگیڈ بلائے گئے۔ پانی ختم ہونے پر دو مرتبہ ٹینکر بھر کر مزید دو فائر بریگیڈ موقع پر پہنچائے گئے۔ تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
آگ نے کولڈ اسٹوریج میں موجود تمام فروٹ و ترکاری کا اسٹاک، اے سی، فریج، فرنیچر اور دیگر سامان کو جلا کر خاکستر کردیا ہے۔ایک اندازے کے مطابق نقصان کا تخمینہ تقریباً 30 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد جائے وقوع پر عوام نے تشویش ظاہر کی کہ بھٹکل جیسے ترقی پذیر شہر میں صرف ایک فائر بریگیڈ گاڑی ہے، جو بڑے حادثات کے لئے ناکافی ہے۔ عوام نے موقع پر پہنچے تحصیلدار ناگیندر کولا شٹی سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کو وارننگ سمجھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی سہولیات میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔ آگ پر قابو پانے کی کارروائی میں سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر، سب انسپکٹر نوین، ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ سمیت دیگر سرکاری افسران اور عملہ بھی موجود رہا۔