منگلورو، 6 / جولائی (ایس او نیوز) پُتور میں بی جے پی لیڈر کے بیٹے کے ذریعے جنسی استحصال اور اس کے نتیجے میں بچے کی ماں بننے والی طالبہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے منگلورو میں خواتین کی اہم تنظیموں کے ایک مشترکہ وفد نے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کو میمورنڈم دیا ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ شادی کا وعدہ کرکے جنسی تعلقات قائم کرنے اور اس کے نتیجے میں حمل قرار پانے پر ملزم کرشنا راو کو فرار ہو جانے پر بعض افراد کی طرف سے اکسانے والے ، اس کی حمایت کرنے، متاثرہ لڑکی کے گھر والوں کو معاوضہ لے کر اسقاط حمل کروانے کے لئے بااثر افراد کی طرف سے دباو ڈالنے جیسے الزامات سامنے آئے ہیں ۔ اس لئے اس معاملے کے تمام پہلووں سے گہرائی کے ساتھ جانچ پڑتال کی جائے ۔
ایس پی سے ملاقات کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی اور اس کے گھر والوں کے لئے انصاف کا مطالبہ کرنے والے اس وفد میں جن وادی مہیلا سنگھا کی صدر اور سابق کارپوریٹر جینتی بی شیٹی، سامرسیا منگلورو کی صدر منجولا نائیک، جن وادی مہیلا سنگھا کی شہری صدر اسونتا ڈیسوزا، سیکریٹری بھارتی بولار، پرمیلا دیواڈیگا، دلت رائٹس کمیٹی کی ایشوری پدمنجا، بیڑی مزدور سنگھا کی ضلع نائب صدر وسنتی کوپےپداو، موڈبیدری ٹی ایم سی کی سابق نائب صدر اور مزدور لیڈر ارونی موڈبیدری اور دیگر مختلف خواتین تنظیموں سے جڑی ہوئی خواتین لیڈرس موجود تھیں ۔

ملزم لڑکے کا باپ بھی ہوا گرفتار : طالبہ کے ساتھ جنسی استحصال کے بعد بچہ پیدا ہونے پر فرار ہونے والے کلیدی ملزم کرشنا راو کو میسورو سے گرفتار کرنے کے بعد اب اس بات کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ پولیس نے بیٹے کو فرار ہونے میں مدد کرنے والے ملزم کے باپ جگن نواس راو کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی پوری گہرائی کے ساتھ تفتیش کر رہی ہے ۔ فی الحال ملزم کرشنا اور اس کے فرار میں مدد کرنے والے اس کے باپ جگن نواس راو کی پولیس تحویل میں پوچھ تاچھ چل رہی ہے جس کے بعد اگلی قانونی کارروائی جاری رہے گی ۔