منگلورو 4 / جولائی (ایس او نیوز) مختلف مذاہب کے تہواروں کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے منگلورو سٹی پولیس کمشنریٹ اور دکشن کنڑا ضلع پولیس کی طرف سے عوامی پروگرام، جلسے اور جلوس کے تعلق سے رہنما ہدایات جاری کی گئی ہیں جس میں ایک اہم بات یہ کہی گئی ہے کہ کسی بھی عوامی پروگرام کو رات 11.30 تک ختم کرنا ہوگا ۔
محکمہ پولیس کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلی رہنما ہدایات کا تعلق آنے والے دنوں میں منعقد ہو رہے مختلف مذہبی تہواروں سے ہے ۔ جیسے کہ : محرم [یوم عاشورہ] 6 جولائی، جنم اشٹمنی اور دہی ہانڈی 16 اگست، گنیش چترتی 27 اگست اور اس کے بعد پھر نوراتری، دیپاولی، کرسمس کی باری ہے ۔
پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کسی تہوار کے حوالے سے کسی بھی قسم کے عوامی پروگرام کے لئے محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا۔
منگلورو پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے بتایا کہ " ہر ایک پروگرام کے موقع پر اس سے متعلقہ اوقات، ساونڈ اور روٹس وغیرہ کے بارے میں واضح ہدایات الگ سے جاری کی جائیں گی اور پروگرام کے منتظمین کو ان کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوگا ۔ اگر پروگرام کسی پرائیویٹ مقام پر منعقد ہو رہا ہے تو پھر منتظمین کو اس مقام کے مالک سے نو آبجکشن سرٹفکیٹ حاصل کرنا ہوگا ۔
پولیس نے بتایا کہ " رات 11.30 بجے کے بعد چلنے والے کسی بھی پروگرام کو 'غیر قانونی اجتماع' مانا جائے گا ۔ پروگرام کو منظور شدہ مقام اور منظور شدہ راستے پر ہی منعقد کرنا ہوگا ۔"
ساونڈ سسٹم کے تعلق سے پولیس نے بتایا کہ کسی بھی پروگرام میں ڈی جے سسٹم استعمال کرنے پر مکمل پابندی رہے گی جبکہ لاوڈ اسپیکر کو پیشگی اجازت کے ساتھ آواز کی مقررہ حد کے اندر رات 10 بجے تک ہی استعمال کیا جا سکے گا ۔
تہواروں کے پنڈالس لگانے والوں سے کہا گیا ہے کہ انہیں مورتیوں اور اپنے قیمتی سامان کی حفاظت کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے علاوہ 24X7 نگرانی کرنے والے سیکیوریٹی گارڈز تعینات کرنے ہونگے ۔ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو 30 دن تک محفوظ رکھنا ہوگا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ " منتظمین کو آپسی نفرت، مذہبی تذلیل اور فرقہ وارانہ دوریاں پیدا کرنے والے نعرے ، بینرس، پرفارمنس، گانے وغیرہ پیش کرنے کی اجازت نہیں دینی ہوگی ۔ بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لئے ضروری تعداد میں رضاکار تعینات کرنے ہونگے اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ پروگرام کے مقام پر گنجائش سے زیادہ بھیڑ جمع نہ ہونے پائے ۔"
پولیس کے بیان کے مطابق "پروگرام کے موقع پر یا جلوس کے دوران کسی بھی قسم کے دھار والی یا خطرناک اشیاء ساتھ میں رکھنے یا لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ تمام موٹر گاڑیوں کے رجسٹریشن اور دیگر قانونی دستاویزات ساتھ میں رکھنے ہونگے ۔ پنڈالس یا دیگر چیزوں کی اونچائی قانونی یا میسکام کی طرف سے منظور شدہ حد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے ۔ منتظمین کو آگ سے حفاظت ایمرجنسی صورتحال کے لئے تمام احتیاطی انتظامات کرنے ہونگے ۔ کسی بھی سرکاری یا نجی اثاثے کو نقصان نہ پہنچانے، خواتین سے چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی نہ کرنے اور پروگرام کے مقام کو صاف ستھرا رکھنے پر پوری توجہ دینی ہوگی ۔"
پولیس کمشنر سدھیر ریڈی اور ضلع ایس پی ارون نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی طرف سے دی گئی ہدایات اور لگائی گئی شرائط میں سے کسی ایک کی بھی خلاف ورزی ہونے کی صورت میں منتظمین اور دیگر افراد کے خلاف کڑی قانونی کارروائی کی جائے گی ۔