ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : او ایل ایکس پر کار فروخت کے نام پر دھوکہ - بنواسی کا ملزم ہوسپیٹ سے گرفتار

منگلورو : او ایل ایکس پر کار فروخت کے نام پر دھوکہ - بنواسی کا ملزم ہوسپیٹ سے گرفتار

Mon, 30 Jun 2025 12:11:17    S O News
منگلورو : او ایل ایکس پر کار فروخت کے نام  پر دھوکہ - بنواسی کا ملزم ہوسپیٹ سے گرفتار

منگلورو ،30 / جون (ایس او نیوز) سٹی سنٹرل کرائم پولیس نے سائبر جرائم  کے خلاف ایک اہم پیش رفت میں،  اترا کنڑ ضلع میں واقع بنواسی  کے رہنے والے ایک 29 سالہ شخص کو وجیا نگر کے ہوسپیٹ سے گرفتار کیا ہے ۔
    
پولیس کے ہتھے چڑھے ملزم کی شناخت روی چندرا منجوناتھ ریوننکر کے طور پر کی گئی ہے ۔ جس پر الزام ہے کہ اس نے مشہور آن لائن سائٹ  OLX پر ایک کار خریدار کو 2.5 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق مبینہ طور پر  روی چندرا منجوناتھ ریونکر نے او ایل ایکس پر خود کو ایک کار بیچنے والے کے طور پر ظاہر کیا اور متاثرہ شخص کو رقم کی منتقلی کے لیے راضی کیا، جس کے بعد وہ گاڑی فراہم کیے بغیر  لاپتہ ہوگیا ۔
    
دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے خریدار کی جانب سے شکایت پر ملنے پر پولیس نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66(C) اور 66(D) کے ساتھ ساتھ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 318(4)، 3(5) اور 112 تحت منگلورو کے سنٹرل کرائم اسٹیشن میں کیس درج کیا ۔ 
    
تفتیش کاروں نے تحقیقات کا آغاز کیا اور پھر وجیانگر ضلع کے ہوسپیٹ میں ملزم کی موجودگی کا سراغ  لگانے میں وہ کامیاب ہوگئے ۔  پہلے سے ہی ایک علیحدہ مہم کے تعلق  سے علاقے میں موجود پولیس کی ایک خصوصی تفتیشی ٹیم کو روی چندرا سراغ دیتے ہوئے اسے گرفتاری کرنے کی ہدایت دی گئی ۔  جس کے بعد روی چندرا ریونکر گرفتار کرکے تفصیلی پوچھ گچھ کے لیے منگلورو لایا گیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران، پولیس نے تین سال پرانی دھوکہ دہی کے جال کا پردہ فاش کیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ  روی چندرا نے مبینہ طور پر او ایل ایکس پر گاڑیوں کی تلاش کرنے والے لوگوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک جدید ترین آن لائن فراڈ نیٹ ورک چلا رہا تھا ۔

    تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ اس نے 21 بینک اکاؤنٹس کا کھول رکھے تھے ۔  اپنے گھوٹالوں کو آسانی سے انجام دینے کے لیے کم از کم 8 مختلف سم کارڈز کا استعمال  کیا تھا ۔ تفتیشی افسران نے سائبر فراڈ کی 80 سے زیادہ شکایات کو روی چندرا کے ذریعے استعمال کیے گئے موبائل نمبروں سے جوڑ دیا ہے ۔

 فراڈ  کا طریقہ کار پیچیدہ تھا: دھوکے باز روی چندرا ریونکر کا طریقہ کار ایسا پیچیدہ تھا کہ وہ فریب کاری کے بعد بھی پولیس کے ہتھے چڑھ نہیں پایا تھا ۔  پتہ چلا ہے کہ وہ اپنے شکار کو پھانسنے کے لئے ہر موبائل نمبر کو بہت مختصر  وقت کے لئے  استعمال کرتا تھا ۔ پھر دھوکہ دہی کی کارروائی پوری ہوتے ہی فون اور سم کارڈ دوونوں کو ضائع کر دیتا تھا ۔ اس کے بعد پھر نئے سم اور فون  کا استعمال کرتے ہوئے فراڈ کی نئی کارروائی انجام دیتا تھا ۔ اس طرح وہ غیر مشکوک خریداروں کو دھوکہ دینے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے میں کامیاب ہو رہا تھا ۔   
    
گرفتاری کے بعد روی چندرا کو  29 جون کو منگلورو کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس کا خیال ہے کہ روی چندرا کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے مزید متاثرین  سامنے آ سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر روی چندرا کے ساتھ دیگر افراد بھی  سائبر فراڈ میں  ملوث ہو سکتے ہیں ۔ تمام اہم پہلووں کو ذہن میں رکھتے ہوئے پولیس اس معاملے کی گہرائی سے  تفتیش کر رہی ہے ۔    
    
پولیس کے کہنا ہے کہ سینئر افسران کی رہنمائی میں منگلورو سنٹرل کرائم پولیس اسٹیشن کے افسران کی مربوط کوششوں سے گرفتاری ممکن ہوئی ۔

پولیس افسران نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن لین دین  کرتے وقت اور خاص طور پر غیر تصدیق شدہ فروخت کنندگان سے سودا کرتے وقت محتاط اور ہوشیار رہیں ۔  
    
اس کے علاوہ پولیس نے اسی طرح کے گھوٹالوں کے متاثرین کو آگے آنے اور قانون کارروائی کرنے کی ترغیب دی ہے، اور عوام کو خبر دار کیا ہے کہ وہ آن لائن پلیٹ فارم پر ادائیگی کرنے سے پہلے بیچنے والے کی اسناد کی ضرور تصدیق کریں ۔


Share: