منگلورو ، 22 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سے تعلق رکھنے والے ایک ڈرائیور کو 2019 میں ہوئے ایک سڑک حادثے کی پاداش میں منگلورو کی عدالت نے 6 مہینے قید اور 9500 روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ۔
یہ حادثہ 28/ ستمبر 2019 کو منگلورو ایسٹ ٹریفک پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا تھا جس وقت بھٹکل کا محمد جعفر صاب نامی شخص مچھلیوں سے بھرا کنٹینر چلا رہا تھا ۔ اس دوران نشینل ہائی وے 66 پر ننتھور جنکشن کے قریب لاری نے مناس رام ناتھ اوگالے (23 سال) نامی مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی بائک کو ٹکر ماری ۔ اس کے نتیجے میں مناس رام ناتھ اپنی بائک کے ساتھ سڑک پر گر گیا اور کنٹینر کے پچھلے ٹائر کی زد میں کچلے جانے سے موقع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مچھلی لاری بہت ہی بے پروائی اور خطرناک انداز میں چلائی جا رہی تھی اور غیر محفوظ طریقے سے اوور ٹیک کرنے کے موقع پر یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا ۔
جے ایم ایف سی کورٹ -۳ میں اس معاملے کی سماعت کے دوران گواہوں سے جرع اور تفتیش کے بعد عدالت نے محمد جعفر صاب کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے قید اور جرمانے کی سزا سنائی ۔ اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر گیتا رائے نے استغاثہ کی طرف سے پیروی کی ۔