
منگلورو ،10 / اگست (ایس او نیوز) آج صبح شہر میں پیش آئے ایک المناک معاملے میں تیراکی سکھانے والا کوچ اور تیراکی میں مہارت کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے والا لائف گارڈ سوئمنگ پول میں ڈوبنے کی وجہ سے فوت ہوگیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق لیڈی ہِل علاقے میں واقع میونسپل سوئمنگ میں ڈوب کر فوت ہونے والے شخص کا نام کے چندرا شیکھرا رائے سوری کمارو (52 سال) ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ آج صفائی اور دیکھ ریکھ سے متعلقہ ضروری کام انجام دینے کے لئے میونسپل سوئمنگ کو عوام کے لئے بند رکھا گیا تھا ۔ اسی وقفے کے دوران میں چندرا شیکھرا راو تیرنے کے لئے سوئمنگ پول میں اترا اور پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی ۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں چندرا شیکھرا راو نے اسی سوئمنگ پول میں ایک منٹ کے وقفے میں 28 مرتبہ زیر آب سمرسالٹ(قلابازیاں) کرتے ہوئے ورلڈ وائڈ بک آف ریکارڈز میں اپنا نام درج کروایا تھا ۔
اس واقعے کے تعلق سے پولیس نے معاملہ درج کر لیا ہے ، مزید تحقیقات جاری ہے ۔