منگلورو، 28 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے ہمپن کٹے میں واقع ایک جیویلری شاپ کے ملازم کو اغوا کرکے اس کے پاس سے 1.5 کروڑ روپے مالیت کی سونے کی سلاخ لوٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ مصطفیٰ نامی ملازم جب اسکوٹر پر سوار ہو کر اپنی دکان سے 1,650 گرام وزنی سونے کی سلاخ شہر کی کار اسٹریٹ پر واقع کارخانے کی طرف لے جا رہا تھا تو ایک کار اور اسکوٹر پر آنے والی لٹیروں کی ایک چھ رکنی گینگ نے اس کا راستہ روکا اور اسے زبردستی اغوا کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں گھماتے رہے ۔ پھر مصطفیٰ کے پاس موجود سونے کی سلاخ لوٹنے کے بعد اسے ایکّور کے قریب کار اتار کر فرار ہوگئے ۔
اس ڈکیتی کے تعلق سے منگلورو نارتھ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ دن دہاڑے انجام دی گئی لوٹ کی اس واردات میں شامل ملزمین کو تلاش کرنے کی مہم جاری ہے ۔