منگلورو، 20 / اگست (ایس او نیوز) شہر کے سینٹرل ریلوے اسٹیشن کے قریب جیویلری کے تاجر کا اغوا کرنے اور اس کے پاس موجود 350 گرام سونا لوٹنے کے الزام میں منگلورو سٹی پولیس نے پانچ افراد کو مہاراشٹرا کے پونے سے گرفتار کر لیا ہے۔
سٹی پولیس کمشنر کے دفتر میں اخبار نویسوں کو اس معاملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس متھن نے کہا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان نے تفتیش کے دوران اپنا جرم قبول کیا ہے اور بتایا ہے کہ لوٹا گیا سونا فروخت کیا جا چکا ہے ۔ لٹیروں کے اس جال میں اور بھی کچھ لوگ شامل رہنے کا شبہ ہے ۔ ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ کیرالہ کے کئنگڈ کے رہنے والے جیویلری کے تاجر ہری بھانو داس تھوراٹ کے اغوا اور لوٹ کی واردات 13 اگست کواس وقت پیش آئی تھی جب وہ 350 گرام وزنی تقریباً 35 لاکھ روپے مالیت کی خالص سونے کی اینٹ لے کر منگلورو سینٹرل ریلوے اسٹیشن پر اترنے کے بعد قریب میں واقع ایک ہوٹل کے سامنے آٹو رکشہ کے لئے انتظار کر رہا تھا ۔
اس موقع پر وہاں ایک کار میں چھ اجنبی افراد پہنچتے ہیں اور خود کو کسٹمز کے افسران بتاتے ہوئے تفتیش کے نام پر ہری بھانو داس کو زبردستی اپنی کار میں بٹھا کر لے جاتے ہیں۔ پھر نیشنل ہائی وے پر اُڈپی سے ہوتے ہوئے اتر کنڑا کے کمٹہ - سرسی ہائی وے تک پہنچنے پر تاجر کے پاس موجود سونے کی اینٹ چھیننے کے بعد اسے کار سے نیچے اتار کر فرار ہو جاتے ہیں ۔
اس ضمن میں سونے کے لوٹ کا شکار ہونے والے تاجر نے کمٹہ پولیس تھانہ پہنچ کر شکایت درج کروائی تھی، جسے اغوا کا جرم پیش آئے ہوئے پولیس اسٹیشن کے حدود کی بنیاد پر معاملہ منگلورو ساوتھ پولیس اسٹیشن کو منتقل کیا گیا۔ اس معاملے کی تحقیق کے لئے تشکیل دی گئی ٹیم نے سی سی ٹی وی اور دیگر ٹیکنیکل زاویوں سے تفتیش شروع کی اور وہاں سے ملنے والے سراغ کی بنیاد پر مہاراشٹرا کے پونے شہر سے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ڈی سی پی نے بتایا کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے اس لئے ملزمان کی شناخت اور دیگر تفصیلات کو فی الحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔