بھٹکل، 25 جون (ایس او نیوز): بھٹکل کے ایک نجی کالج میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب بدھ کی صبح کالج کے لیب روم میں ایک شخص کی پھانسی پر لٹکتی ہوئی نعش پائی گئی۔ متوفی کی شناخت 53 سالہ شری دھر موگیر کے طور پر کی گئی ہے، جو بھٹکل کے بیلنی علاقے کا رہائشی تھا۔
ذرائع کے مطابق، شری دھر موگیر گزشتہ 35 برسوں سے اسی کالج میں اسسٹنٹ لیب ورکر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ منگل کی شب سے ہی لاپتہ تھا اور رات بھر گھر واپس نہیں آیا۔ بدھ کی صبح اس کی نعش لیب روم میں پھانسی پر لٹکی ہوئی پائی گئی، جس کے بعد فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔
ابتدائی جانچ میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس نے بدھ کی صبح ہی خودکشی کی ہوگی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، شری دھر کی شادی 21 سال قبل ہوئی تھی اور اس کی دو بیٹیاں ہیں۔
پولیس کو جائے وقوع سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جس میں شری دھر نے کم تنخواہ اور مالی مشکلات کا ذکر کیا ہے۔ اس نے لکھا ہے کہ وہ کثیر قرض میں مبتلا تھا، جبکہ بیوی کا ایک زیور مرمت کے لیے کسی کے پاس دیا تھا، مگر وہ ایک سال سے واپس نہیں کر رہا تھا؛ بتایا جا رہا ہے کہ اسی پریشانی میں اس نے خودکشی کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر، فارنسک ماہرین اور دیگر اہلکار موقع پر پہنچے اور شواہد جمع کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔ ٹاؤن پولیس تھانے میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔