ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : ڈکیتی کی وارداتیں روکنے کے لئے سخت احتیاطی اقدامات کیے جائیں - بینکوں کے افسران کو ضلع ایس پی کی ہدایت

کاروار : ڈکیتی کی وارداتیں روکنے کے لئے سخت احتیاطی اقدامات کیے جائیں - بینکوں کے افسران کو ضلع ایس پی کی ہدایت

Tue, 23 Sep 2025 17:47:52    S O News

کاروار،  23 / ستمبر (ایس او نیوز) ریاست کے مختلف مقامات پر حالیہ دنوں میں پیش آئی ہوئی بینک ڈکیتی کی وارداتوں کے پس منظر میں اتر کنڑا میں موجود تمام بینکوں کو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی ڈکیتی روکنے کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور اس کے لئے ضروری حفاظتی وسائل کا استعمال کیا جائے ۔
    

SP Deepan

ضلع پنچایت دفتر کے میٹنگ ہال میں منعقدہ لیڈ بینک کی ترقی سے متعلقہ جائزاتی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع کے کام کر رہے بینکوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بینکوں میں موجودہ حفاظتی انتظامات اور وسائل کے پوری طرح کارگر ہونے کے تعلق سے اندرونی طور پر جائزہ لیں ۔ اس کے بعد سامنے آنے والی کمی یا کوتاہی یا غیر اطمینان بخش کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے اس کا تدارک کرنے کے لئے   فیس رکگنیشن سسٹم [ایف آر ایس] کیمروں کے علاوہ بینک کے باہری احاطے میں  آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ رکگنیشن [اے این پی آر] کیمروں جیسے جدید اورموثر ترین وسائل کا استعمال کریں ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ان کیمروں کو مناسب اور ضروری جگہوں کو نصب کرنے کے علاوہ وقتاً فوقتاً ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیتے رہیں ۔ تمام بینکوں میں ہتھیار بند گارڈز کو تعینات کریں، جنہیں ہتھیار رکھنے کے لئے ضروری اجازت نامہ پولیس کی طرف سے دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ بینک کے ایمرجنسی الارم سسٹم کو قریبی پولیس اسٹیشن یا پولیس کنٹرول روم کے ساتھ منسلک کریں ۔ بینکوں کی عمارتوں کے پچھلے حصے اور آس پاس کے علاقے میں رات کے وقت مناسب روشنی کا انتظام رکھا جائے ۔ 
    
ضلع ایس پی مزید بتایا کہ بینکوں کے اندر موجود حفاظتی انتظامات کی وقتاً فوقتاً مشقی جانچ بھی کرتے ہوئے اس کی موثر کارکردگی کو یقینی بنانا چاہیے ۔  دور دراز مقامات پر موجود بغیر گارڈ والے بینکوں کے اے ٹی ایم بوتھس کو رات کے وقت بند رکھنا ہی زیادہ بہتر ہوگا ۔ حساس اور بہت زیادہ حساس علاقوں میں بینکوں کے اے ٹی ایم بوتھس کے تعلق سے محکمہ پولیس کو اطلاع دینے پر ای - بیٹ سسٹم کے ذریعے اس پر مسلسل نگرانی رکھی جائے گی ۔  
    
ایس پی نے ضلع میں بڑھتے ہوئے میٹر بڈی کے  معاملات اور ہراسانی کے واقعات کے تعلق سے کہا کہ اس کی وجہ سے غریب لوگ اور سڑک کنارے چھوٹی موٹی دکانیں چلانے والے لوگ بہت زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔ ان سے خالی چیکس لے کر ان کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں ۔ اس لئے  ایسے علاقوں میں تمام بینکوں کے ذمہ داروں کو بینکوں سے ملنے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور مختلف اسکیموں کے تحت ملنے والے قرضہ جات انہیں فراہم  کرنے کی مہم چلاںا چاہیے ۔ 
    
اس میٹنگ میں ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیپ ششی، ایڈیشنل ایس پی کرشن مورتی کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران اور ضلع کے تمام بینکوں کے افسران موجود تھے ۔ 


Share: