ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: عوام کو قانونی سہولتیں فراہم کرنے پارٹ ٹائم لیگل والنٹیرس کی بھرتی کا اعلان؛ امیدواروں سے رجوع کرنے کی اپیل

کاروار: عوام کو قانونی سہولتیں فراہم کرنے پارٹ ٹائم لیگل والنٹیرس کی بھرتی کا اعلان؛ امیدواروں سے رجوع کرنے کی اپیل

Tue, 23 Sep 2025 21:04:43    S O News
کاروار: عوام کو قانونی سہولتیں فراہم کرنے پارٹ ٹائم لیگل والنٹیرس کی بھرتی کا اعلان؛ امیدواروں سے رجوع کرنے کی اپیل

کاروار 23/ستمبر (ایس او نیوز) : دیہی عوام، خواتین، بچوں اور معذور افراد سمیت ہر طبقے کو آسان طریقے سے قانونی سہولتیں اور مدد فراہم کرنے کے مقصد سے کاروار ضلع لیگل سروسز اتھارٹی نے ایک سال کی مدت کے لیے  پارٹ ٹائم  لیگل والنٹیئروں کی تقرری کا اعلان کیا ہے۔

منگل کو ضلع عدالت کے احاطے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سول جج و رکن سکریٹری دیویہ شری سی۔ایم۔ نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 تا 100 افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔

اہل امیدواروں میں اساتذہ و ریٹائرڈ اساتذہ، سابق پنچایت اراکین، سبکدوش سرکاری ملازمین، بزرگ شہری، قانونی خدمات سے وابستہ سماجی کارکنان، خواتین، ٹرانس جینڈر افراد، قبائلی و اقلیتی برادریوں کے افراد، ایم ایس ڈبلیو طلبہ و اساتذہ، آنگن واڑی کارکنان ، ڈاکٹرز، طلبہ اور لاء اسٹوڈنٹس (وکالت میں رجسٹریشن تک)، این جی اوز اور کلب ممبران (غیر سیاسی خدماتی ذہن کے ساتھ)، خواتین سیلف ہیلپ گروپس ، بہتر اخلاق رکھنے والے  اور  تعلیم یافتہ طویل مدتی قیدی، مرحوم فوجی اہلکاروں کی بیوائیں، سابق فوجی یا ان کے شہری علاقوں میں رہائش پذیر اہل خانہ، نیز حاضر سروس فوجی اہلکاروں کی بیویاں یا بالغ اولاد شامل ہیں، بشرطیکہ انہوں نے کم از کم دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہو۔

منتخب والنٹیئروں کو ضروری تربیت اور شناختی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ وہ اگر پورا دن ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کی سرگرمیوں میں شامل رہیں گے تو انہیں یومیہ 750 روپے اور نصف دن کی خدمت پر 375 روپے بطور اعزازیہ دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عوامی مسائل کے حل کے دوران آنے والے بنیادی سفر کے اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔

دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی درخواست فارم اور ضروری دستاویزات کے ساتھ 10 اکتوبر تک صدر، ضلع لیگل سروسز اتھارٹی، ضلع عدالت کمپلیکس، کاروار کو جمع کر سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے فون نمبر -222990 -08382  پر  رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


Share: