کاروار18جولائی (ایس او نیوز): کاروار انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (KRIMS) کے تحت چلنے والے اُترکنڑا ڈسٹرکٹ سرکاری اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ اور ماہر امراض نسواں ڈاکٹر شیوانند کوڈتلکر کو ان کے عہدے سے معطل کردیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ان کے خلاف رشوت خوری کے سنگین الزام کے پیش نظر عمل میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ 10 جولائی کو لوک آیوکتہ پولیس نے ڈاکٹر شیوانند کو اُس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اسپتال میں مریضوں کے لیے بستر فراہم کرنے والے ایک ٹھیکیدار سے مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت وصول کر رہے تھے۔ یہ گرفتاری اسپتال کے احاطے میں واقع ان کے دفتر سے رنگے ہاتھوں عمل میں آئی تھی۔
گرفتاری کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔ واقعے کی ابتدائی رپورٹ ملنے کے بعد محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کمشنر کے بی شیواکمار نے ڈاکٹر کوڈتلکر کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔