کاروار 27/جولائی (ایس او نیوز) : اُترکنڑا ضلع میں غیر منظم مزدوروں کو سماجی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے مختلف فلاحی اسکیموں سے استفادہ ممکن بنانے کے لیے اسمارٹ کارڈس کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کرناٹک محکمہ لیبر کی جانب سے جاری اسکیموں کا فائدہ اُن مزدوروں تک پہنچانا ہے جو اکثر قانونی اور سرکاری سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک کے تقریباً 83 فیصد مزدور غیر منظم شعبے میں کام کرتے ہیں، جو کسی طرح کے قانونی یا سماجی تحفظ کے دائرے میں نہیں آتے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے کرناٹک اسٹیٹ اَن آرگنائزڈ ورکرز سوشیل سیکیورٹی بورڈ قائم کیا گیا ہے، جو سماجی و اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کے لیے مختلف اسکیمیں فراہم کرتا ہے۔
امبیڈکر لیبر اسسٹنس اسکیم کے تحت 91 زمروں میں شامل مزدوروں کی مفت شناخت اور رجسٹریشن کی جا رہی ہے۔ جبکہ اب تک ضلع بھر میں 97,694 مزدوروں کو اس اسکیم کے تحت اسمارٹ کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
اسی طرح کرناٹک اسٹیٹ پرائیویٹ کمرشل ٹرانسپورٹ ورکرز ایکسیڈنٹ ریلیف اسکیم کے تحت 20 سے 70 سال کی عمر کے ڈرائیوروں، کنڈکٹروں اور کلینروں کو کوریج حاصل ہے۔ اب تک ضلع میں 34 حادثاتی معاملات میں 1.35 کروڑ روپے بطور معاوضہ تقسیم کیے جا چکے ہیں، جب کہ 25 طلبہ کو 2.50 لاکھ روپے تعلیمی امداد دی گئی ہے۔
ڈیجیٹل دور کے مطابق، کرناٹک گیگ ورکرز انشورنس اسکیم کے تحت ای-کامرس میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے 4 لاکھ روپے تک کا انشورنس دیا جا رہا ہے، جس میں 2 لاکھ روپے حادثاتی امداد اور 2 لاکھ روپے لائف انشورنس شامل ہے۔ اب تک 678 گیگ ورکرز کو اسمارٹ کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں۔
اسی طرز پر، نیوزپیپر ڈیلیوری ورکرز ایکسیڈنٹ ریلیف اینڈ میڈیکل فیسلٹی اسکیم کے تحت 2 لاکھ روپے تک حادثاتی امداد اور 1 لاکھ روپے تک طبی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اب تک 131 ہاکرس اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
کرناٹک اسٹیٹ موٹر ٹرانسپورٹ اینڈ اَدَر ریلیٹڈ ورکرز ویلفیئر اسکیم کے تحت ضلع میں 12,297 مزدوروں کو اسمارٹ کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ اس اسکیم میں ڈرائیور، کنڈکٹر، کلینر، ڈپو کلرک، بُکنگ و کیش اسٹاف، اسٹیشن سپروائزر، میکینک، ٹائر فِٹر، وہیل الائنمنٹ ٹیکنیشین، لوڈنگ/اَن لوڈنگ ورکرز، گاڑی دھونے کے عملے اور اے سی/الیکٹریکل ورکشاپ ملازمین شامل ہیں۔
مزید برآں، حکومت نے فلمی اور ثقافتی شعبے میں کام کرنے والوں کے لیے بھی Karnataka Cinema and Cultural Activities Workers' Welfare Cess Act, 2024 نافذ کیا ہے۔ اس کے تحت جلد ہی قواعد بنائے جائیں گے تاکہ اس شعبے کے مزدوروں کو بھی سماجی تحفظ حاصل ہو سکے۔ ساتھ ہی، ای-کامرس شعبے کے گیگ ورکرز کے لیے علیحدہ فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے۔
ضلع لیبر آفیسر محترمہ للتا نے تمام مستحق غیر منظم مزدوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد لیبر آفس سے رجوع کریں اور ان فلاحی اسکیموں کا فائدہ حاصل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ قدم دیگر اضلاع کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے تاکہ سماجی و اقتصادی طور پر پسماندہ مزدور طبقہ بھرپور سہولیات سے مستفید ہو سکے۔