منگلورو، 24 جون (ایس او نیوز) قطر میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر ایران کی جانب سے میزائل حملے کے بعد خلیجی خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے، جس کے اثرات منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں پر بھی دیکھے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق منگلورو سے روانہ ہونے والی کچھ بین الاقوامی پروازوں کے روٹس میں تبدیلی کی گئی ہے، جب کہ کچھ پروازوں کو واپس منگلورو بلا لیا گیا ہے۔ منگلورو ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات متعلقہ ایئرلائنز سے حاصل کریں۔
اطلاعات کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی جو پرواز دمام (سعودی عرب) کے لیے روانہ ہوئی تھی، اسے راستہ تبدیل کرتے ہوئے مسقط (عمان) کی جانب موڑ دیا گیا۔ اسی طرح، ابوظہبی جانے والی انڈیگو ایئر لائن کی پرواز کو ممبئی میں اتار لیا گیا۔ دونوں پروازیں بعد ازاں منگلورو واپس لوٹ آئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر آئندہ دنوں میں بین الاقوامی پروازوں کے نظام پر مزید اثرات پڑ سکتے ہیں۔