منگلورو، 5 جون(ایس او نیوز) : صحت و خاندانی بہبود کے وزیر اور ضلع دکشن کنڑا کے انچارج وزیر دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ "اندرا کینٹین" کم قیمت پر کھانے کی فراہمی کے ذریعے غریب اور مزدور طبقے کو فائدہ پہنچانے والی ایک مثالی قومی اسکیم بن چکی ہے۔
وزیر موصوف نے مینگلور کے قریب واقع موڈبیدری، کنگولی اور مُلکی میں مختلف مقامات پر اندرا کینٹین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا مقصد بھی یہی تھا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کے فوائد براہ راست غریبوں تک پہنچیں۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے خود اپنے بچپن کی بھوک اور فاقہ کشی کو یاد رکھتے ہوئے اندرا کینٹین کی شروعات کی۔
گنڈوراو نے کہا کہ موڈبیدری اسمبلی حلقہ میں چار مقامات پر اندرا کینٹین قائم کیے گئے ہیں۔ جبکہ بجپے میں بھی اندرا کینٹین کا جلد افتتاح ہونے والا ہے۔ آگے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو ضلع کی تمام اسمبلی حلقوں میں مساوی طور پر کیا جائے گا۔
اس پروگرام میں رکن اسمبلی اوماناتھ کوٹیان، ایم ایل سی منجوناتھ بھنڈاری، سابق وزیر ابھئے چندر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سنتوش جی، ضلع پنچایت کی نائب سکریٹری جیا لکشمی، اور موڈبیدری میونسپل صدر جیا شری بھی شریک تھے۔
