بھٹکل، 28 جولائی (ایس او نیوز): مرڈیشور کے ایک ہوٹل میں داخل ہوکر مالک پر حملے اور بعد ازاں پولیس تھانے میں ہنگامہ آرائی کے معاملے میں دو الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ماولی 2 کنڑا اسکول کے رہائشی اور شری نواس ہوٹل کے مالک اننت شنیار نائک کی شکایت کے مطابق، جب وہ کلیانی کے قریب واقع ہوٹل میں اپنے ملازمین سے بات کر رہے تھے تو مرڈیشور کنڑا اسکول فکری منے کا رہائشی کرن مادیو نائک اچانک ہوٹل میں داخل ہوا اور ان پر گالی گلوچ کرتے ہوئے حملہ کیا۔
شکایت کنندہ نے پولیس تھانے میں جا کر شکایت درج کروائی، لیکن ملزم کرن نائک بھی اس کا پیچھا کرتے ہوئے تھانے پہنچ گیا اور وہاں موجود اسسٹنٹ سب انسپکٹر الہاس پربھی پر حملہ کرتے ہوئے ان کے سینے پر مکا مارا، دھکا دیا اور دھمکیاں دیتے ہوئے ڈیوٹی میں رکاوٹ پیدا کی۔ پولیس نے اس سلسلے میں دو مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔