بنگلورو 3 جولائی (ایس او نیوز) کرناٹک کے ساحلی اور ملناڈ علاقوں میں مانسون کی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے ریاست کے آٹھ اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ہفتہ تک اورنج الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ضلع کوڈ گو میں حالات مزید خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے جن آٹھ اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا ہے اس میں اترکنڑا، دکشن کنڑا، اُڈپی، چکمنگلور، ہاسن، شیموگہ اور بیلگاوی شامل ہےجہاں شدید بارش متوقع ہے، اور تیز بارش کے نتیجے میں جان و مال کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اسی کے ساتھ دھارواڑ، گدگ، کلبرگی، اور بیدر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ادھر کواگو ضلع میں گزشتہ رات سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث جمعرات کو ضلع بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ صرف 24 گھنٹوں کے دوران سوموارپیٹے تعلقہ کے شانتلّی علاقے میں ریکارڈ 6 انچ بارش ہوئی ہے۔ ضلع میں گزشتہ سال کی نسبت اس سال بارش کی مقدار میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس سال جنوری سے اب تک 1486.74 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے، جبکہ پچھلے سال اسی مدت میں صرف 893.60 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔
مسلسل بارش کے سبب ندیوں اور جھیلوں میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں درختوں کے گرنے اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ کئی سڑکیں کیچڑ سے بھری ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع انتظامیہ نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے NDRF (نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ پولیس اور رضاکار تنظیموں کو بھی چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے، تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کی جا سکے۔