اڈپی، 17 / جولائی (ایس او نیوز) اڈپی ضلع میں گزشتہ تین دنوں سے جاری مسلسل بھاری برسات کی وجہ سے مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے اور کئی مقامات پر سیلابی کیفیت پیدا ہونے کی خبریں مل رہی ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ کاپ تعلقہ کے پاڈیبیٹو علاقے میں سڑکوں اور علاقے میں پانی جمع ہونے اور سیلابی پانی گھروں کے اندر گھسنے کے بعد تحصیلدار پرتیبھا آر کی قیادت میں ریسکیو ٹیم نے احتیاطی اقدام کے طور پر وہاں سے 24 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔
اڈپی، برہماور، بیندور، کنداپور، ہیبری، کارکلا وغیرہ سے بھی بہت سی جگہوں پر پانی جمع ہونے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے کی خبر ہے ۔ کامینی ندی اپنی سطح سے ابل کر بہنے کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ کئی متاثرہ علاقوں میں اسٹیٹ ڈیسیاسٹر ریسپانس فورس [ایس ڈی آر ایف] نے راحت رسانی کی کارروائی انجام دی ۔
سرکاری افسران نے عام لوگوں سے ندی نالوں اور سیلاب زدہ علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے ۔ ماہی گیروں کے لئے آئندہ ہدایات جاری ہونے تک سمندر سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔