منگلورو، 26 مئی (ایس او نیوز): منگلورو اور اطراف کے علاقوں میں پیر کے روز شدید بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا۔ جبکہ کل منگل اور پرسو بدھ کوبھی ضلع جنوبی کینرا میں زوردار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے ضلع بھر میں کل اور پرسو اسکول اور کالجس میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
آج پیر کو ہوئی زبردست بارش میں جنوبی کینرا کے کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جہاں پانی گھٹنوں تک جمع ہو گیا، جس سے عام شہریوں اور راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں مالی مار- کوٹارا چوکی شامل ہے، جہاں ہر سال کی طرح اس بار بھی رہائشی علاقوں میں پانی گھس آیا، اور لوگوں کو اپنے گھروں تک پہنچنے کے لیے پانی سے گزرنا پڑا۔ دو پہیہ گاڑیوں کے مالکان کو خاصی دشواری پیش آئی کیونکہ کئی گاڑیاں بند ہو گئیں یا پانی میں دھکیلنی پڑیں۔
دیگر اہم علاقوں جیسے پمویل اور جوتی سرکل میں بھی لگاتار دوسرے دن کافی زیادہ پانی جمع ہونے کی اطلاعات ملیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل شکایات کے باوجود مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس سے مایوسی بڑھ رہی ہے۔ ناقص ڈرینیج نظام شہری منصوبہ بندی میں ایک سنگین خامی کی نشاندہی کرتا ہے۔
مالی مار، کوٹارا چوکی، پڈیل اور پمویل جیسے علاقوں میں ہر سال مون سون کے آغاز پر ایسے ہی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مستقل حل کے لیے شہری انتظامیہ کی جانب سے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ کار اسٹریٹ، باجل انڈرپاس، اور پڈیل انڈرپاس میں بھی پانی بھر جانے کے واقعات پیش آئے۔
اسکول اور کالجس کی چھٹی، عوام کے لیے احتیاطی ہدایات
مسلسل بارش کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے 27 اور 28 مئی کو جنوبی کینرا کے تمام اسکولز اور پری یونیورسٹی کالجس (سرکاری، امدادی اور غیر امدادی ادارے بشمول CBSE) کے لیے تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ آنگن واڑی مراکز کو بھی بند رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچوں کو ندی نالوں، سمندر اور نشیبی علاقوں کے قریب نہ جانے دیں۔ ماہی گیروں کو بھی پانی میں نہ جانے کی تنبیہ کی گئی ہے۔
ضلع بھر میں تعینات تحصیلداروں اور تعلقہ سطح کے افسران کو ہیڈکوارٹر پر موجود رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری رسپانس دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر ریسکیو سینٹرز قائم کرنے اور انہیں تیار رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ایمرجنسی حالات میں عوام 24 گھنٹے اوپن ہیلپ لائن 1077 یا فون نمبر 0824-2442590 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید برآں، مقامی افراد اور سیاحوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ساحل، ندیوں اور آبشاروں کے قریب نہ جائیں اور وہاں تصاویر یا ویڈیوز بنانے سے گریز کریں۔