کاروار 3 / جولائی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے کاروار تعلقہ میں کدرا کے قریب آج صبح پہاڑی کھسکنے کا معاملہ پیش آیا جس کے بعد کدرا ڈیم تک جانے کا راستہ منقطع ہوگیا ہے ۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہاڑی کھسکنے کے ساتھ ملبہ سڑک پر گرنے کا یہ واقعہ کدرا کے قریب بالیمنے میں پیش آیا ہے ۔ اس حادثے کی وجہ سے بالیمنے اور سولگیری علاقے کے رہنے والوں میں خوف اور تشویش کی صورتحال بن گئی ہے ۔ سڑک پر ملبہ ہٹانے کی کارروائی جاری ہے ۔
یاد رہے کہ چند برس قبل کوڈسلّی میں زمین کھسکنے کا معاملہ پیش آیا تھا ۔ اس کے بعد ماہرین ارضیات نے علاقے کا سروے کرنے کے بعد مزید زمین کھکسنے کے واقعات پیش آنے کے امکانات ظاہر کیے تھے ۔ اب پھر ایک بار زمین کھسکنے کی وجہ سے لوگوں کے دل میں خوف اور خطرے کی گھنٹی بجنے لگی ہے ۔