کاروار 31 / جولائی (ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت و خاندانی بہبود دنیش گنڈو راو کی کاروار آمد پر ضلع کے سب سے بٖڑے اور سب سے قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری سمیت بھٹکل ناگریک ویدیکے کے صدر ستیش کمار نے کاروار ڈی سی دفتر میں منعقدہ ضلعی افسران کی میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے وزیر گنڈوراو سے مطالبہ کیا کہ بھٹکل سرکاری اسپتال میں جو ڈاکٹرس خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں برقرار رکھا جائے اور ان کا تبادلہ منسوخ کیا جائے تاکہ بہتر طبی خدمات جاری رہ سکیں۔ دنیش گنڈوراو سے دیگر ماہر ڈاکٹروں کی قلت کے تعلق سے بھی آگاہ کراتے ہوئے اُسے پر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری لوازمات فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔
وزیر صحت کو بتایا گیا کہ بھٹکل سرکاری اسپتال کو عطیہ دہندگان کے تعاون سے تقریباً 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقی دی گئی ہے اور یہ ضلع کے بہترین تعلقہ اسپتالوں میں شمار ہوتا ہے۔ ایک بیرونِ ملک مقیم بھارتی کے تعاون سے 50 لاکھ روپے کی لاگت سے ایمرجنسی یونٹ کی عمارت کی تعمیر بھی جاری ہے۔ اسپتال کی ترقی میں ڈاکٹر سویتا کامت نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن کی قیادت میں آئی سی یو سمیت دیگر سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے۔ ایسے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کا تبادلہ کرنا عوامی مفاد میں نہیں ہے، اس لیے انہیں وہیں برقرار رکھا جانا چاہئے۔ اس کے جواب میں وزیر صحت نے اس طرف خصوصی توجہ دینے اور ممکنہ اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اُترکنڑا ناگریک ویدیکے کی جانب سے بھی وزیر موصوف کی توجہ ضلع کے دیگر اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت ، ضروری مشینوں اور دیگر سہولتوں کی کمی کی طرف بھی دلائی گئی اور اُنہیں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
بعد میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دنیش گنڈو راو نے کہا کہ ضلع اتر کنڑا میں ماہر ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ معلوم ہوا ہے ۔ یہاں خالی اسامیوں کی بھرتی جلد ہی کی جائے گی ۔ آگے کہا کہ کاروار میں سوپر اسپیشالٹی ہاسپٹل کے لئے بھی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر سرکاری اسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں کی جو اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ان پر تقرری کا عمل جلد ہی پورا کیا جائے گا ۔
آگے کہا کہ ماہر اور سوپر اسپیشالٹی ڈاکٹروں کی تقرری کے لئے کاونسلنگ کی کارروائی پوری ہوتے ہی انہیں منتخب کیے گئے مقامات پر تعینات کیا جائے گا ۔ ریاست میں دل کا دورہ پڑنے سے ہونے والی اموات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کی روک تھام کے لئے ریاست کے تمام تعلقہ اسپتالوں میں پونیت راج کمار 'ہردئے جیوتی' اسکیم لاگو کی جائے گی جہاں سینے میں درد کی شکایت والے مریضوں کی جانچ اور ای سی جی کے بعد ضروری علاج فراہم کیا جائے گا ۔ اسی طرح حادثات میں زخمی ہونے والوں کے مفت علاج کے لئے ہریش سانتون اسکیم بھی چل رہی ہے ۔
اس موقع پر ایم سی اے کے صدر اور رکن اسمبلی ستیش سئیل، ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا، ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیپ ششی، ایڈیشنل ضلع ڈپٹی کمشنر ساجد ملا اور دیگر افسران موجود تھے ۔