کاروار ، 25 / جون (ایس او نیوز) سابق رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڑے کی کار کو اوور ٹیک کرنے سے ناراض ہو کر ایک مسلم فیمیلی کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے ملزم اننت کمار کے گن مین شریدھر کو اتر کنڑا ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم نارائین نے معطل کر دیا ہے ۔
خیال رہے کہ بینگلورو میں درج کی گئی ایف آئی آر میں گن مین شریدھر کو ملزم نمبر 2 بنایا گیا ہے ۔ اسی ایف آئی آر کی بنیاد پر ضلع ایس پی نے اننت کمار ہیگڑے کی سیکیوریٹی کے لئے گن مین بطور خدمات انجام دے رہے ڈسٹرکٹ ریزرو پولیس کے اہلکار شریدھر کو تا حکم ثانی معطل کرنے کے احکام جاری کیے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے ڈی آر پولیس کا اہلکار شریدھر گزشتہ دس سال سے اننت کمار ہیگڑے کی سیکیوریٹی خدمات پر مامور ہے ، اور اسے اننت کمار کا بہت ہی قریبی دوست سمجھا جاتا ہے ۔ حالانکہ ملزم شریدھر کو نیل منگلا میں ہوئی مارپیٹ کے اس معاملے میں ضمانت مل گئی ہے مگر ایس پی نے اسے ڈیوٹی سے معطل کر دیا ہے ۔
گن مین شریدھر کو معطل کرنے کے علاوہ ضلع ایس پی ایم نارائین نے گزشتہ پانچ سال سے زیادہ ضلع کی اہم شخصیات کی حفاظت پر مامور دس گین مین اہلکاروں کے تبادلہ کے احکام بھی جاری کیے ہیں ۔